انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ضیافت میلاد النبی ﷺ 11 ستمبر 2024 کو ہو گی
صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی شرکت و خطاب کریں گے
لاہور (10ستمبر 2024) انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں محفل میلاد النبی ﷺ و ضیافت میلاد النبی ﷺ (بدھ) کو شام 8 بجے منعقد ہوگی۔ صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی شرکت و خطاب کریں گے۔ ضیافت میلاد میں مختلف مذاہب کے نمائندگان اور مختلف مسالک کے علماء کرام خصوصی شرکت کریں گے۔
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلشنز منہا ج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے محفل میلاد النبی ﷺ و ضیافت میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت، پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات اور بین المذاہب رواداری کے موضوع پر منعقدہ ضیافت میلاد کی تقریب میں مسیحی، ہندو، سکھ رہنما اور مختلف مسالک کے علماء کرام شرکت کریں گے۔
انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دعوت پر ضیافت میلاد میں شرکت کرنے والے مختلف مذاہب کے نمائندے اورمختلف مسالک کے علماء حضور نبی اکرم ﷺ کے یوم ولادت اور سیرت مبارکہ کی روشنی میں بین المذاہب رواداری کے موضوع پر خیالات کا اظہار کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر پیغمبر اسلام حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت پاک کی خوشی میں کیک کاٹا جائے گا۔ تمام مذاہب کے نمائندے ملک کی خوشحالی و سلامتی کے لیے اپنے اپنے عقائد کے مطابق دعا کریں گے۔
تبصرہ