منہاج القرآن کاموبائل میڈیکل یونٹ سیلاب متاثرہ علاقوں میں روانہ
دکھی انسانیت کی خدمت معاشرے کے حقوق میں سے ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے موبائل میڈیکل یونٹ کو روانہ کیا
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت میڈیکل کیمپس، فری دسترخوان، خیموں کی تقسیم
لاہور(11 ستمبر 2024) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔اس سلسلہ میں جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے میڈیکل ٹیم کے ہمراہ موبائل میڈیکل یونٹ روانہ کر دی گئی ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گزشتہ روز میڈیکل ٹیم کے ہمراہ موبائل میڈیکل یونٹ ہیڈ آفس MWF Pk لاہور سے روانہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا مشکل کی ہر گھڑی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن عوام پاکستان کے ساتھ ہے۔ اس وقت بھی ہمارے رضاکار جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں خدمت انسانیت میں مصروف عمل ہیں۔ ان علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہزار ہا افراد کیلئے میڈیکل کیمپس، فری دسترخوان، خیموں کی تقسیم سمیت دیگر ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر آپ رب تعالیٰ کو اپنی طرف مائل بہ کرم دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کی مخلوق سے محبت و شفقت سے پیش آئیں، یہی انسانیت ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت معاشرے کے حقوق میں سے ہے۔
اس موقع پر نائب ناظم اعلی میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی, منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آپریشنز انجینئر ثناء اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر پروجیکٹس منصور اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن رانا فیصل محمود، صدر منہاج القرآن پروفیسر ذوالفقار علی، چوہدری امجد حسین، کیپٹن(ر) عبدالمجید میڈیکل ٹیم سمیت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے دیگر رضاکاران بھی موجود تھے۔
تبصرہ