منہاج القرآن کی 41ویں عالمی میلاد کانفرنس، تیاریاں مکمل

کانفرنس میں ممتاز مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی شخصیات شرکت کریں گی: جواد حامد
اہلیان لاہور جلوسوں کی شکل میں درود و سلام پڑھتے ہوئے آئیں: پروفیسر ذوالفقار علی
شہر لاہور سے ایک لاکھ گھرانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے: صدر منہاج القرآن لاہور

International Milad un Nabi Conference 2024 hosted by Minhaj ul Quran International

لاہور (14 ستمبر2024) تحریک منہاج القرآن کی 41ویں عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہوگی، تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے۔ 41ویں عالمی میلاد کانفرنس کیلئے مینار پاکستان میں مرد و خواتین کے لئے الگ الگ پنڈال بنائے گئے ہیں۔

سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے کہا ہے کہ مینار پاکستان میں آنے والے قافلوں کی رہنمائی کے لئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جارہے ہیں۔ کانفرنس میں ممتاز مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی شخصیات شرکت کریں گی۔ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ عالمی میلاد کانفرنس میں اندرونِ ملک و بیرون ملک سے مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ عظام اور مذہبی رہنماء بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ مینار پاکستان کے سبزہ زار کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ کائنات کی سب سے بڑی خوشی حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت ہے۔ مینار پاکستان 41ویں عالمی میلاد کانفرنس میں اہلیان لاہور جلوسوں کی شکل میں درود و سلام پڑھتے ہوئے آئیں۔ راستے میں موجود لوگ جلوسوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں۔ لاہور والے مینار پاکستان میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کریں کہ 11ربیع الاول کی رات فضا آمد مصطفی مرحبا مرحبا، غلام ہیں غلام ہیں رسول ﷺ کے غلام ہیں کے نعروں سے گونج اٹھے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لئے شہر لاہور سے ایک لاکھ گھرانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اہلیان لاہور مرد و خواتین ہزاروں کی تعداد میں کانفرنس میں شرکت کرکے آقائے دوجہاں ﷺ سے محبت کا اظہار کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top