منہاج القرآن کے رہنماؤں کی مینار پاکستان پر میڈیا سے خصوصی گفتگو

41 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں مکمل، لاکھوں لوگ شرکت کریں گے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالمی میلاد کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر مہمان خصوصی ہونگے مصر، کویت، ایران سے سکالرزشرکت کریں گے
میلاد کانفرنس میں آنے والے قافلو ں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے

منہاج القرآن کے رہنماؤں کی مینار پاکستان پر میڈیا سے خصوصی گفتگو

لاہور(15 ستمبر2024) تحریک منہاج القرآن کی 41ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 16 ستمبر (سوموار) مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی، تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ کانفرنس میں صرف لاہور سے ایک لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالمی میلاد کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے۔

میلاد کی رات ہر سال کی طر ح امسال بھی مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔ 7 بجے سے 9 بجے تک ہر خاص و عام کے لئے کھانے کا وافر اہتمام ہوگا۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہیں گے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں مصر، کویت، ایران سے سکالرز اور مشائخ شرکت کریں گے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

41ویں عالمی میلاد کانفرنس کیلئے مینار پاکستان میں مرد و خواتین کے لئے الگ الگ پنڈال بنائے گئے ہیں۔ کانفرنس میں ممتاز مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی شخصیات شرکت کریں گی۔ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ عالمی میلاد کانفرنس میں اندرونِ ملک و بیرون ملک سے مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ عظام اور مذہبی رہنماء بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ مینار پاکستان کے سبزہ زار کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار نائب ناظم اعلیٰ وسیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد ،نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس، صدر تحریک منہاج القرآن لاہور پروفیسر ذوالفقار علی، ناظم لاہور امجد حسین چوہدری، ثاقب بھٹی، کیپٹن(ر) عبد المجید، ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری، و دیگر رہنماؤں نے مینار پاکستان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

جواد حامد نے کہا کہ نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز اور مشائخ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہا ج القرآن عشق مصطفی ﷺ کو عام کرنے کیلئے گزشتہ چار دہائیوں سے محنت کررہی ہے۔ مینار پاکستان کا گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دامن میں سمیٹ کر گواہ ہوتا ہے کہ یہاں حضور ﷺ کی ولادت کا جشن منا کر امت مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تقویت دیتے ہیں اور پورا سال ان کا دل محبت مصطفی ﷺم کیلئے دھڑکتا رہتا ہے۔

پاکستان بھر سے جید علماء و مشائخ عظام، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنما، تاجر برادری وکلا برادری، طلباء تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود ہوں گے۔ پنڈال کے اند ر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید ڈجیٹل سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ کائنات کی سب سے بڑی خوشی حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت ہے۔ مینار پاکستان 41ویں عالمی میلاد کانفرنس میں اہلیان لاہور جلوسوں کی شکل میں درود و سلام پڑھتے ہوئے آئیں۔ راستے میں موجود لوگ جلوسوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ لاہور والے مینار پاکستان میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے کہ 11ربیع الاول کی رات فضا آمد مصطفی مرحبا مرحبا، غلام ہیں غلام ہیں رسول ﷺ کے غلام ہیں کے نعروں سے گونج اٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لئے شہر لاہور سے ایک لاکھ گھرانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اہلیان لاہور مرد و خواتین ہزاروں کی تعداد میں کانفرنس میں شرکت کرکے آقائے دوجہاں ﷺ سے محبت کا اظہار کریں گے۔

ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلو ں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں پیش کیا جائے گا اور ملک وقوم کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ساؤنڈ سسٹم مینار پاکستان کے ساتھ ملحقہ سڑکوں تک پہنچا دیا جائے گا تاکہ پنڈال کے باہر ہزاروں افراد تک آواز باآسانی پہنچتی رہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top