عرب شیوخ عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن روانہ

منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن قادری نے الوداع کیا
اسلامیان پاکستان نبی مکرم ﷺ سے والہانہ عشق کرتے ہیں، عرب شیوخ کے تاثرات

Arab sheikhs left for home after participating in the World Milad Conference

لاہور(20 ستمبر 2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی 41ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے عرب شیوخ اور ایران کے قراء حضرات وطن روانہ ہو گئے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپورنے معزز مہمانوں کو الوداع کیا۔

کویت سے آئے ہوئے محقق اسلامک سکالر شیخ عبداللہ نجیب سالم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ پاکستان کے لوگ نبی اکرم ﷺ سے والہانہ عشق کرتے ہیں۔ مینار پاکستان کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں ہزار ہا خاندانوں کو رات بھر ولادت پاک ﷺ کا جشن مناتے دیکھ کر دلی سکون ملا۔

جامعہ الازہر کے پروفیسر عبدالغنی العواری نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ سکالرز اور ان کے لائق فائق فرزندان ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی میزبانی اور عزت و تکریم سے بے حد متاثر ہوئے۔ منہاج القرآن خالصتاً قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق خدمت دین انجام دے رہی ہے اور نوجوانوں کی ایک ایسی علمی کھیپ پروان چڑھارہی ہے جو دین اور دینی اقدار کے محافظ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص صوبائی دارالحکومت لاہور بہت خوبصورت ہے یہاں کے لوگوں کی آنکھوں میں ہم نے بے حد محبت اور پیار دیکھا ہے۔

ایران کے قراء حامد شاکر نژاد، قاری غلام رضا قاسمیان، قاری ابوالقاسم، ثناوحدیث نظری اور محمد حسین عظیمی نے کہا کہ دل ہے کہ ہم ہر سال عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کریں اور عوام کے ٹھاٹیں مارتے سمندر کے ایمان افروز نظارے بار بار دیکھیں۔

حامد شاکر نژاد نے کہا کہ عالم اسلام کو ایسے اداروں اور شخصیات کی ضرورت ہے جو اسلام کی تعلیمات دنیا کے ہر خطہ میں عام کرنے کی علمی استعداد اور جذبہ سے مالا مال ہوں۔ ہم نے یہ علمی ثقاہت اور جذبہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے ادارے منہاج القرآن میں دیکھا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top