پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا آغوش آرفن کیئر ہوم کا دورہ
بچوں کی معیاری خوراک اور صحت و صفائی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
لاہور(یکم اکتوبر 2024) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل،چیئرمین آغوش کمپلیکس نے آغوش آرفن کیئر ہوم کا دورہ کیا۔ آغوش آرفن کیئر ہوم کے مختلف شعبہ جات میں گئے اور زیر تعلیم بچوں و اساتذہ سے ملاقات بھی کی۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش آرفن کیئر ہوم میں تعمیر ہونے والے میگا کچن کا دورہ بھی کیا اور ڈائریکٹر آغوش کو ہدایت کی کہ بچوں کی معیاری خوراک اور صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کرنل(ر) مبشر اقبال نے بتایا کہ اس نو تعمیر شدہ کچن میں کھانے کی تیاری کیلئے سٹیم بیسڈ کوکنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل(ر) مبشر اقبال نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آغوش کے اس نئے کچن میں آٹا گوندھنے سے لے کر روٹی پکانے تک کا عمل سیمی آٹو میٹک پلانٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔ سبزیوں اور دیگر کھانے کے سامان کی واشنگ، کٹنگ، کرشنگ اور اسٹوریج سمیت تمام تر کام حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید مشینوں اور طریقہ کار کے ذریعے انجام دئیے جائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہاکہ بچے قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔ معیاری تعلیم کا فروغ ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہاکہ آغوش آرفن کیئر ہوم میں بچوں کو تعلیم و تربیت اور بہترین تحفظ میسر ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش کی انتظامیہ کی محنت و کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے شاندار مواقع فراہم کرنے پر آغوش انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن کل کیلئے مستقبل کے معماروں کی بہترین تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تبصرہ