تاجر برادری کی طرف سے منعقدہ میلاد ڈنر میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شرکت
لاہور(10 اکتوبر2024)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلامی تجارت کا ایک اہم اصول تاجروں کا اعلیٰ کردار کا حامل ہونا ہے۔ تاجر ایسے اخلاق و کردار کا مظاہرہ کریں جس سے دوسرے متاثر ہوں۔ کسب حلال میں بڑی برکت ہے اور دین و دنیا کی سعادت پوشیدہ ہے۔ حلال کمائی کرنے والا لوگوں کی نظروں میں بھی محبوب ہوتا ہے اور اللہ کے ہاں بھی بلندی درجات کا حامل گردانا جاتا ہے۔ دین اسلام کے دئیے ہوئے اصول و ضوابط کی روشنی میں جو رزق حاصل ہو گا وہ حلال شمار ہو گا۔ اسلام نے رزق حلال کی ترغیب دی ہے جبکہ حرام رزق سے بچنے کی ترغیب بھی دی ہے ا ور تربیت بھی کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں وصنعتکاروں کی جانب سے منعقدہ میلاد ڈنر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ تاجروں کیلئے اس سے بڑھ کر اور کیا خوش قسمتی ہے کہ ان کا حلال طریقے سے رزق کمانا حضور نبی کریم ﷺ کی سنت مبارکہ ہے۔ ایمانداری سے تجارے کرنے والے تاجر رزق بھی کما رہے ہیں اور سنت کا ثواب بھی انہیں مل رہا ہے۔
میلاد ڈنر میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اسلامی قانون اور دستور مدینہ پر اپنے تحقیقی نکات بھی پیش کیے اور دستور مدینہ کی عصری معنویت اور اس کے فلاحی پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنی شہرہ آفاق تصنیف ’’دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور‘‘ کا تحفہ بھی تقریب میں شریک مہمانوں کو دیا۔
میلاد ڈنر کے میزبان محمد عاصم رفیق، صدر داروغہ والا انڈسٹریل ایسوسی ایشن و ڈپٹی ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ مارکیٹنگ منہاج القرآن انٹرنیشنل تھے۔
تقریب میں حاجی محمد رفیق، محمد عاصم رفیق، محمد قاسم، عبدالقدیر، محمد منشاء، محمد انیس مغل، عرفان احمد قریشی، طارق محمود گریول، انجینیئر سلیم احمد فاضل، افضال احمد، حفیظ الرحمان خان سمیت صنعتکاروں، تاجروں و ایکسپورٹرز، داروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کے ممبران نے شرکت کی۔
تبصرہ