ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کالج آف شریعہ (نیو کیمپس) کے طلباء کی تربیتی نشست سے خطاب
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ کے نیو کیمپس میں طلباء کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: اہلِ بیتِ اَطہار علیہم السلام کی یہ مبارک عادت تھی، جب اُن کے پاس کچھ ہوتا تو وہ مخلوقِ خدا میں تقسیم کر دیتے اور جب اُنہیں کچھ میسر نہ ہوتا تو اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے رفاقت و دوستی کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ: حقیقی دوست وہ ہوتا ہے جسے دیکھ کر اللہ تعالی یاد آئے اور یقین ہو کہ وہ قیامت کے دن میرے کام آئے گا۔ انسان کا رفاقت کے بغیر جینا ناممکن ہے۔ کوئی بھی انسان دوستی کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے رفاقت کی اَقسام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ: رفاقت تین طرح کی ہوتی ہے:
- اپنے سے اَفضل کے ساتھ (یعنی مرید کی شیخ کے ساتھ) یہ سنگت خدمت اور اَدب کا تقاضا کرتی ہے۔
- اپنے سے کم تر کے ساتھ رفاقت قائم کرنا۔ ایسی رفاقت رحمت و شفقت کا تقاضا کرتی ہے۔
- اپنے ہم عمر اور ہمعصر کے ساتھ رفاقت رکھنا۔ ایسی رفاقت ایثار اور قربانی کا تقاضا کرتی ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ: ہم ہر طرح کی رفاقت کو اپنائے ہوئے ہیں۔ دین دار سے محبت رکھو تاکہ اس کے اخلاق و عادات کا اثر آپ پر قائم رہے۔
آپ نے مزید کہا کہ: دنیا دار کے ساتھ رفاقت ناشکری کا باعث بنتی ہے، جو اللہ سے دور کر دیتی ہے۔
آخر میں چیئرمین سپریم کونسل نے درسگاہ اور کتاب کے آداب کے متعلق بیان کرتے ہوئے کہا کہ: جس درس گاہ میں رہیں، اس کا اَدب ملحوظ رکھیں۔ جس ہستی سے فیض یاب ہوں، جس سے علم حاصل کریں، اُس کے آداب کو خود پر لازم کر لیں۔
پرنسپل کالج آف شریعہ نے دیگر اساتذہ کے ہمراہ نے چیئرمین سپریم کونسل کو نیو کیمپس آمد پر پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن مجیب الرحمٰن ملک (وائس پرنسپل)، انجنیئر محمد رفیق نجم، رانا محمد اکرم (انچارج نیو کیمپس)، سید افتخار احمد شاہ (انچارج بزم منہاج نیو کیمپس)، سید سجاد حیدر، مظہر عباس، اور محمد بوٹا اور دیگر اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔
تبصرہ