امن و خوشحالی کیلئے ہر گھر کو مرکز علم بنانا ہوگا: ڈاکٹر حسن قادری

حضور نبی اکرمؐ معلم الکتاب و الحکمہ بن کر مبعوث ہوئے، چیئرمین سپریم کونسل
آپؐ نے فتح مکہ کے بعد مختلف شہروں میں حاکم نہیں معلم مقرر فرمائے

امن و خوشحالی کیلئے ہر گھر کو مرکز علم بنانا ہوگا: ڈاکٹر حسن قادری

لاہور (29 اکتوبر 2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ امن و خوشحالی کے لئے ہر گھر کو مرکز علم بنانا ہو گا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم معلم الکتاب والحکمہ بن کر مبعوث ہوئے، آپؐ کو علم سے اس قدر محبت تھی کہ فتح مکہ کے بعد اومان، نجران، طائف، یمن، مکہ سمیت مختلف شہروں میں سب سے پہلے حاکم نہیں بلکہ معلم مقرر فرمائے۔ غزوہ بدر کے موقع پر فدیہ ادا نہ کرسکنے والے جنگی قیدیوں کو یہ آپشن دیا گیا کہ اگر وہ دس مسلمانوں کو لکھنا پڑھنا سکھا دیں تو انہیں اس کے بدلے رہا کر دیا جائے گا۔ ہمیں اسی مصطفوی سیرت و بصیرت کی اطاعت میں فروغِ علم کے لئے خدمات انجام دینا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان بھر میں 25ہزار مراکز علم قائم کرنے کا جو ہدف دیا ہے اسے حاصل کرنے کے لئے تمام توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔ مراکز علم کا قیام صرف تحریکی و تنظیمی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ یہ اتباع سنت اور فریضہ دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن اصحاب رسولؐ کو مکہ سے جبر و تشدد کے ذریعے گھروں سے نکالا گیا تھا وہی اصحاب رسول ﷺ جب فاتح کی حیثیت سے مکہ میں داخل ہوئے تو انہوں نے اپنے گھروں کو محلات میں تبدیل کرنے کی بجائے مراکز علم میں تبدیل کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی پہلی منظم علمی درس گاہ بنی جہاں سید المعلمین ﷺنے صحابہ کرام کی بطور استاد تربیت فرمائی یہ اساتذہ مدینے کے گھروں میں بچوں اور خواتین کو تعلیم دیتے تھے اور اس مبارک عمل کی وجہ سے مدینے کا ہر گھر مرکز علم بنا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم جب یہ اعداد و شمار دیکھتے ہیں کہ اڑھائی کروڑ سے زائد بچے غربت اور ناکافی تعلیمی سہولیات کی وجہ سے سکول نہیں جاتے تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔ جس اسلام کا آغاز ”اقراء“ سے ہوا وہاں کروڑوں مسلمانوں بالخصوص بچوں کا ناخواندہ رہ جانا اللہ اور اُس کے رسولؐ کے احکامات کی حکم عدولی ہے،سیاسی، مذہبی، سماجی جماعتوں اور تحریکوں کو علم کے فروغِ کو اپنی پہلی ترجیح بنانا ہو گا۔ ہر مسئلے کا حل بامقصد تعلیم کے فروغ میں ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top