ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی منہاج القرآن علماء کونسل کے 37ویں یومِ تاسیس پر منعقدہ سیمینار میں شرکت و خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی منہاج القرآن علماء کونسل کے 37ویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار میں شرکت و خطاب
منہاج القرآن علماء کونسل کے 37ویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے علم و تدریس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علما کو تاکید کی کہ وہ علم اور تدریس کے منصب کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ انہوں نے جدید و قدیم علوم کے امتزاج کے ساتھ قرآن اور صاحبِ قرآن کی تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانے کا عزم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام نے ہمیشہ طلبا کو باہمی بھائی چارے اور امن و محبت کی تعلیم دی تاکہ وہ معاشرے کے باعمل اور مفید شہری بن سکیں اور انتہا پسندی کے خلاف اعتدال کا پیغام پھیلائیں۔
صوفی کی تعریف میں، انہوں نے کہا کہ صوفی کی مثال زمین جیسی ہے؛ زمین ہر شخص کو برداشت کرتی ہے، سب کو جگہ دیتی ہے، اور جب کوئی دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے تو اسے اپنے سینے میں سمو لیتی ہے۔ صوفی کا دل زمین کی طرح وسیع ہوتا ہے، جتنا اسے کھودا جائے، اتنی ہی وسعت پیدا ہوتی ہے۔ ایک صوفی منش عالم اپنے دل میں قبولیت کی گنجائش رکھتا ہے اور اپنے دل میں سب کے لیے وسعت رکھتا ہے، جبکہ عالم ربانی کی مثال سمندر جیسی ہے، جو علم کا وسیع خزانہ رکھتا ہے مگر خاموش رہتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل نے مہمان علماء کرام کو اپنی نئی شائع شدہ کتب بطور تحفہ پیش کیں۔
سیمینار سے مرکزی صدر نظام المدارس پاکستان مفتی امداد اللہ خان قادری، مفتی محمد زبیر احمد فہیم، علامہ ڈاکٹر شہزاد مجددی، علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر، مفتی غلام اصغر صدیقی اور علامہ اشفاق علی چشتی نے بھی خطاب کیا، جب کہ سیمینار میں جی ایم ملک، علامہ ڈاکٹر محمد حسین آزاد، ڈاکٹر محمد فاروق رانا، ڈاکٹر محمد اجمل علی مجددی، راجہ زاہد محمود، جواد حامد، علامہ عین الحق بغدادی اور عمر دراز خان سمیت کونسل کے عہدیداران، ذمہ داران اور علمائے کرام نے شرکت کی۔
سیمینار کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل نے علامہ ڈاکٹر شہزاد احمد مجددی، علامہ ڈاکٹر محمد حسین آزاد، ڈاکٹر محمد فاروق رانا اور ڈاکٹر اجمل علی مجددی کو پی ایچ ڈی کی تکمیل پر خصوصی اعزازی شیلڈز سے نوازا۔
تبصرہ