علم اللہ کی معرفت کے حصول کا ذریعہ ہے: ڈاکٹر حسن قادری

علم کا فروغ علمائے کرام کی اولین ذمہ داری ہے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن
منہاج القرآن علماء کونسل کے 37ویں یومِ تاسیس ”علما و مشائخ سیمینار“ سے خطاب
علامہ مفتی امداد اللہ قادری، مفتی غلام اصغر صدیقی، مفتی محمد زبیر فہیم، علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر، علامہ شہزاد مجددی کی شرکت

Ulma Convention on 37 Foundation Day Minhaj Ulma Council

لاہور (31 اکتوبر 2024) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن علماء کونسل کے 37ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم اللہ تعالیٰ کی معرفت کے حصول کا ذریعہ ہے۔ علم کے حصول کا مقصد رضائے الہیٰ کا حصول ہونا چاہئیے۔ علمائے کرام کو چاہئیے کہ وہ ہمیشہ علم کے ابلاغ میں مصروف رہیں اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوفی کی مثال زمین جیسی ہے، زمین ہر شخص کو برداشت کرتی ہے، سب کو جگہ دیتی ہے اور جب کوئی دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے تو اسے اپنے سینے میں سمو لیتی ہے۔ صوفی کا دل زمین کی طرح وسیع ہوتا ہے، جتنا اسے کھودا جائے، اتنی ہی وسعت پیدا ہوتی ہے۔ ایک صوفی منش عالم اپنے دل میں قبولیت کی گنجائش رکھتا ہے اور اپنے دل میں سب کے لیے وسعت رکھتا ہے، جبکہ عالم ربانی کی مثال سمندر جیسی ہے، جو علم کا وسیع خزانہ رکھتا ہے مگر خاموش رہتا ہے۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے علم و تدریس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علمائے کرام کو تاکید کی کہ وہ علم اور تدریس کے منصب کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ انہوں نے جدید و قدیم علوم کے امتزاج کے ساتھ قرآن اور صاحبِ قرآن کی تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانے کا عزم رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہمیشہ طلباء کو باہمی بھائی چارے اور امن و محبت کی تعلیم دی ہے۔ تاکہ وہ معاشرے کے باعمل اور مفید شہری بن سکیں اور انتہا پسندی کے خلاف اعتدال کا پیغام پھیلائیں۔

سیمینار میں مرکزی صدر نظام المدارس پاکستان علامہ مفتی امداد اللہ قادری، مرکزی صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی، مفتی محمد زبیر فہیم، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر، علامہ ڈاکٹر شہزاد مجددی، جی ایم ملک، علامہ اشفاق علی چشتی، علامہ ڈاکٹر محمد حسین آزاد، ڈاکٹر محمد فاروق رانا، ڈاکٹر محمد اجمل علی مجددی، راجہ زاہد محمود، جواد حامد، علامہ عین الحق بغدادی اور سردارعمر دراز خان، علامہ مفتی محمد رفیق رندھاوا، علامہ مفتی خلیل حنفی، علامہ محمد عرفان خان قادری، علامہ فیصل چشتی سمیت منہاج القرآن علما کونسل کے عہدیداران، ذمہ داران نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل نے علماء کو اپنی نئی شائع ہونے والی کتب تحفے کے طور پر پیش کیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top