بسیار گوئی دل کا مرض ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

نیک لوگوں کی صحبت سے ایمان و کردار کی پختگی ملتی ہے، چیئرمین سپریم کونسل
اللہ والے خدمت کرواتے نہیں خدمت کرتے ہیں، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Dr Hassan Qadri Khutba Jummah Jamia Shaykh ul Islam

لاہور (یکم نومبر2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے بہت بڑے اجتماع سے سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی ؒکی تعلیمات اور شخصیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا عبدالقادر جیلانیؒ اپنے تلامذہ، مصاحبین اور عقیدت مندوں کی تربیت فرماتے ہوئے ہمیشہ نصیحت کرتے کہ دنیا کی خواہش کرنے والوں، اپنی پاک دامنی اور عبادت پر اترانے والوں، غیبت کرنے والوں اور نیکی کی دعوت دے کر خود عمل نہ کرنے والے منافقوں کی دوستی اور صحبت سے اللہ کی پناہ مانگو۔

انہوں نے کہا کہ اللہ والے خدمت کرواتے نہیں خدمت کرتے ہیں،اولیائے اللہ کے نزدیک بسیار گوئی دل کا مرض ہے، اللہ والے بلا ضرورت کلام نہیں کرتے۔ وہ اپنی زبان، ہاتھ، پاؤں، آنکھوں کی حفاظت کرتے ہیں اور ان اعضاء کو گناہوں سے بچانے کے لئے فکر مند رہتے ہیں۔ خاموش طبع اللہ کی حفاظت و رحمت میں ہوتے ہیں۔اللہ والوں کی صحبت سے ایمان و کردار کی پختگی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ فرماتے ہیں کہ اگر ایمان و کردار کی حفاظت چاہتے ہو تو ایسے لوگوں کی صحبت میں بیٹھیں جن کے قول اور فعل میں تضاد نہیں ہوتا اور جن کے دل اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت و فرمانبرداری کے جذبے سے بھرے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپؒ فرماتے دنیا کی لذات و خواہشات سے بھرا ہوا دل مردہ اور ایسے جسم بھوسہ کی طرح ہوتے ہیں اور ایسے لوگ ہی روز قیامت اللہ کی کڑی گرفت میں ہونگے۔ گناہوں سے بچنے اور دلوں کو معصیت کے زنگ سے پاک کرنے کے لئے اللہ والوں کی صحبت نسخہ اکسیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کچھ ناقص العلم اولیاء اللہ کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کر کے نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ ایسے فتنہ پرور عناصر سے بچیں۔ اللہ کا ولی قرآن کے احکامات اور سنت و شریعت کا تارک نہیں ہو سکتا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top