علم فقط معلومات جمع کرنے کا نام نہیں : ڈاکٹر حسن قادری

خواتین کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا اصل ویمن امپاورمنٹ ہے
علم کردار میں ڈھلنے سے نفع بخش بنتا ہے: چیئرمین سپریم کونسل

Dr Hassan Qadri Tarbiyati Session in Minhaj College for Women

لاہور (5 نومبر 2024) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ علم معلومات جمع کرنے کا نام نہیں۔خواتین کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا ویمن امپاورمنٹ ہے۔ علم کردار عمل میں ڈھلنے سے نفع دیتا ہے۔ اساتذہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی ٹولز بروئے کار لائیں۔ علم کے بغیر کسی قوم نے ترقی کی اور نہ کر سکے گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے خواتین کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کےلئے منہاج ویمن کالج جیسے مثالی ادارے قائم کئے جو پسماندہ اضلاع کی بیٹیوں کے لئے سستی اور معیاری تعلیم کا ذریعہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ میں "حصول علم اوراعمالِ صالح کی اہمیت" کے موضوع پر منعقدہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ کے عہد میں اور خلفائے راشدین کے دور میں خواتین کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ علم حدیث کے فروغ میں امہات المومنین کا کردار مثالی ہے۔ جو سوچ خواتین کی تعلیم و تربیت کے راستے کی رکاوٹ ہے اس سوچ کا قرآن و سنت کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خواتین کو کمزور اور پسماندہ رکھنا بیمار سوچ ہے۔ تعلیم کا بنیادی مقصد اخلاق و کردار سنوارنا اور سوسائٹی کےلئے نفع بخش بننا ہے۔ بدقسمتی سے ڈگریوں کو فقط روزگار کا ذریعہ بنا لیا گیا۔ علم وہ روشنی ہے جس سے ظلمت و جہالت کے اندھیر ے ختم ہوتے ہیں۔ فی زمانہ تعلیم یافتہ، خوشحال، مہذب اور پر امن سوسائٹی کی تشکیل کےلئے خواتین کو تعلیم دینا ہو گی۔

تربیتی نشست میں پرنسپل منہاج کالج برائے خواتین آفتاب خان قادری، ڈاکٹر شفاقت بغدادی، خالد یمنی، ڈاکٹر نور الزمان نوری، الطاف رندھاوا، ڈاکٹر غلام احمد خان، حمیرا ناز، عتیقہ علوی، ڈاکٹر یاسمین ظفر، ام حبیبہ اسماعیل ،ڈاکٹر جویریہ حسن ، عروسہ انور اور دیگر اساتذہ کرام، سٹاف ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top