اولیاء کا وجود خیر و برکات کی علامت ہوتا ہے: ڈاکٹر حسن قادری
شیخ عبدالقادر جیلانی کی علمی درسگاہ سے ہر سال 3 ہزار فاضلین تیار ہوتے تھے
صالحین کو اللہ علم کی نعمت سے نوازتا ہے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن
لاہور (7 نومبر2024) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن بزم قادریہ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ مینارۃ الاسلام گوشۂ درود میں بڑی گیارہویں شریف کی مناسبت سے منعقدہ محفلِ ذکر و نعت میں غوث الاعظم الشیخ سیدنا ابو محمد محی الدین عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی علمی، روحانی خدمات پر اپنے خطاب میں کہا کہ اولیاء، صالحین کا وجود امن و آشتی اور خیر و برکات کی علامت ہوتا ہے۔ سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کا علمی و روحانی فیض منہاج القران تک قدوۃ الاولیاء پیر سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ کی نسبت سے پہنچا۔
انہوں نےاپنے خطاب میں کہا کہ اولیاء اللہ کے علمی، روحانی، تربیتی کردار سے مردہ
دل زندہ ہوتے ہیں۔ اولیاء اللہ و صالحین کو ان کے تقویٰ و طہارت، عجز و انکساری، مخلوق
خدا کی بے لوث خدمت کی وجہ سے اللہ کی طرف سے علم کے نور کی تجلیات عطاء ہوتی ہیں اور
یہ روشنی قریہ قریہ پہنچتی ہے۔ اولیاء اللہ ہی انبیاء کے وارث ہیں، جب زمین پر ظلم
و جور اور کفر و الحاد کے اندھیرے چھا جاتے ہیں تو پھر یہ اللہ والے ہی دین کی اصل
بنیادوں اور اخلاقی قدروں کو زندہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کا اصل کمال مکاشفات اور
مجاہدہ علم ہے۔ حضور نبی اکرمؐ کا سچا عاشق علم سے محبت کرنے والا ہوگا، اس کی دوستی
علم اور علوم و فنون سے ہوگی۔ سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کا اوڑھنا بچھونا
علوم و فنون اور درس و تدریس تھا، آپ روزانہ مختلف علمی موضوعات پر 13 دروس دیتے تھے،
ہفتے میں تین دن خطابات فرماتے اور مخلوق خدا میں علم کی خیرات بانٹتے۔ آپ کے زیرِ
اثر قائم علمی درس گاہ سے سالانہ 3 ہزار فاضلین تیار ہوتے تھے۔ منہاج القرآن اولیاء
اللہ کے علمی فیض کو پھیلانے کے کام پر مامور ہے۔
تقریب میں نائب صدر برگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، جی ایم ملک، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، سینئر مرکزی راہنما حاجی محمد سلیم، جواد حامد، سید الطاف شاہ گیلانی، راجہ زاہد محمود، برگیڈیئر ر عمر حیات، رانا محمد فیاض، نور اللہ صدیقی، صوفی مقصود قادری، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، حاجی منظور حسین، سہیل احمد رضا، غلام مرتضیٰ علوی، سعید رضا بغدادی، محمد طیب ضیاء، سردار عمر دراز خان، رانا وحید شہزاد و دیگر نے شرکت کی۔
اس علمی و روحانی تقریب کا اہتمام تحریک منہاج القران بزمِ قادریہ کی طرف سے کیا گیا۔ جس کے انتظام و انصرام شہزاد رسول، علامہ عابد بشیر، حاجی محمد اسحاق نے انجام دئے۔
تبصرہ