رسول کریم ﷺ کی محبت ایمان کا جوہر ہے: علامہ رانا محمد ادریس

نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی حقیقی ادب رسول ﷺ ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن

Rana Idrees Qadri Addressing Khutba Jummah in Jamia Shaykh ul islam

لاہور(8 نومبر 2024)نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ مبارکہ کے ادب اور تعظیم کا تقاضا ہر مسلمان کے دل میں راسخ ہے۔ ادب مصطفیٰ ﷺ کا مفہوم صرف زبانی احترام یا تعریفی کلمات تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک مکمل عملی زندگی کا تقاضا کرتا ہے۔ ایک مسلمان اس وقت تک کامل مسلمان نہیں ہو سکتا جب تک اس کا عشق رسول ﷺ کامل نہ ہو۔ رسول کریم ﷺ کی محبت ایمان کا جوہر ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہر مسلمان اپنی روزمرہ زندگی میں ہر پہلو سے آپ ﷺ کی سنتوں کی پیروی اور آپ کی تعلیمات پر عمل کرے۔ ادب کا یہ تقاضا ہے کہ آپ ﷺ کی شخصیت کو عظمت و حرمت کے ساتھ یاد کیا جائے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی حقیقی ادب کا ثبوت ہے۔ مسلمان اپنی زندگی کا ہر لمحہ، چاہے وہ عبادات ہوں یا معاملات، آپ ﷺ کی ہدایات کی روشنی میں گزاریں تاکہ وہ حقیقی معنوں میں آپ ﷺ کے ادب کے تقاضوں کو پورا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ہر ادا،ہر قول اور ہر عمل سے سچا عشق کیا جائے۔ نبوی طرز عمل پر عمل کرنے کی کوشش کی جائے، احکام نبوی کے مطابق زندگی کے شب و روز گزارنے کی جدوجہد کی جائے، اپنے معاملات، معاشرت، لین دین خوشی و غمی ہر کام احکامات نبوی کے تابع کیا جائے یہی تعظیم مصطفی ﷺ کے تقاضے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top