نوجوانوں کے اخلاق و کردار کی حفاظت بڑا چیلنج ہے: ڈاکٹر حسن قادری
مخرب الاخلاق ویب سائٹس کی روک تھام میں پی ٹی اے کا کردار قابل تعریف ہے
سوشل میڈیا علم و آگہی کا ذریعہ بھی ہے اور آج کے دور کا سب سے بڑا فتنہ بھی ہے
امر بالمعروف و نہی عن المنکر فریضہ دین ہے، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل
لاہور (14 نومبر 2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر فریضہ دین اور آج کا ناگزیر تقاضا ہے۔ گناہ تک رسائی آسان اور نیکی کرنے کی گنجائش بہت تھوڑی رہ گئی ہے۔ سوشل میڈیا علم و آگہی کا ذریعہ بھی ہے اور آج کے دور کا سب سے بڑا اخلاقی فتنہ بھی ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور اخلاق و کردار کی حفاظت بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے اپنے بیرونی ملک کے تنظیمی دورہ سے قبل علماء و سکالرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برائی کے سدباب کے لئے کردار کی ادائیگی جہاد ہے۔
انہوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی طرف سے لاکھوں مخرب الاخلاق ویب سائٹس کو ختم کرنے اور اُن تک رسائی مشکل بنانے کے انتظامی کردار کو سراہا اور کہا ریاستی ادارے کا یہی کردار ہونا چاہیے۔ باقی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ برائی کے قلع قمع کے لئے اپنا دینی، اخلاقی و قانونی کردار ادا کریں۔ اصلاح احوال اور برائی سے بچانے کے لئے علمائے کرام کی ذمہ داریاں سوسائٹی کے ہر طبقہ سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کا حکم ہے کہ بے حیائی اور فواحش سے بچیں۔ نوجوان اپنی آنکھوں، کانوں، زبان،ہاتھ اور پاؤں کی حفاظت کریں۔ یہ جسمانی اعضاء نیکی اور بدی کا دروازہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخرب الاخلاق ویب سائٹس، پیجز اور دیگر ٹولز کے بارے میں نوجوانوں کو گائیڈ لائن دی جانی چاہیے۔ والدین بھی اپنے بچوں پر نظر رکھیں کہ وہ اپنے موبائل، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز کا کیا استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فحش مواد اور ویب سائٹس کو دشمن جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے منہاج القرآن کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کے اخلاق و کردار کی حفاظت کے لئے سوشل میڈیا پر اپنا دعوتی کردار ادا کریں۔
تبصرہ