یونان میں ڈاکٹر حسن قادری کی کتاب ”دستور مدینہ“ کی رونمائی
تقریب رونمائی میں پاکستان کے سفیر عظیم خان، پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ افراد کی شرکت
”دستورِ مدینہ“کائنات انسانی کا پہلا تحریری دستور ہے: چیئرمین سپریم کونسل کا خطاب
لاہور (15 نومبر2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیر اہتمام محقق و اسلامی سکالر چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شہرہ آفاق کتاب ”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ کی یونان میں تقریب رونمائی ہوئی۔ تقریب رونمائی میں پاکستان کے سفیر عظیم خان سمیت پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ افراد نے کی شرکت۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ”دستورِ مدینہ“ کائنات انسانی کا پہلا تحریری اور مختصر ترین دستور ہے جو 63 آرٹیکلز اور 750 الفاظ پر مشتمل ہے۔ اس دستور نے سیاسی قومیت اور قانون کی حکمرانی کا شعور دیا اور ریاستِ مدینہ کے تمام شہریوں اور طبقات کو جان و مال کے تحفظ کے ساتھ مذہبی آزادی دی۔ دستور مدینہ آج بھی قابل عمل اور قیام امن کے لئے بنیادی راہ نما اصول فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کے قیام نے امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی عظیم مثال قائم کی۔
تقریبِ رونمائی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے ممتاز شخصیات نادیہ ڈیگاڈو صدر (ہلینک اینڈ میکسیکو چیمبر آف کامرس)، وسیلس (سی ای او اکاؤنٹنٹ کمپنی) ایتھنز، ستاورو دراکوس بینک منیجر نیشنل بینک گریس، عرب کمیونٹی سے محمد ذکی سید، سید ایحاب، محمد الدحبی، محمد حشام، عبد الرحیم و دیگر شامل تھے۔ شرکاء نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی ریاستِ مدینہ کے حوالے سے شاندار تحقیق کو سراہا اور کہا کہ یہ کتاب ریاستِ مدینہ کے فلاحی اور منصفانہ نظامِ حکومت کے اسلامی اصولوں کو سمجھنے میں مددگار ہے۔
تقریب میں منہاج القرآن یورپ ویونان کے راہ نماؤں محمد بلال اُپل، بابر شفیع شیخ، غلام مرتضیٰ قادری، حافظ محمد نواز ہزاروی، صدر یونان ارسلان خرم چیمہ، چودھری شہزاد، اور منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان سمیت سیاسی، سفارتی، مذہبی، سماجی، صحافتی شخصیات اور عرب کمیونٹی کی ممتاز شخصیات شریک ہوئیں۔
تبصرہ