قرآن پاک میں انسانی زندگی کے ہر پہلو کا احاطہ کیا گیا ہے: محمد عباس نقشبندی
قرآنی احکامات انسان کو عدل، انصاف، امن اور محبت کا درس دیتے ہیں: پرنسپل تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ
قرآن پاک کی تلاوت دل کو سکون اور روح کو تقویت بخشتی ہے: تربیتی نشست سے خطاب
لاہور(17 نومبر2024) منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن کے طلبا کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئےپرنسپل محمد عباس نقشبندی نے کہا ہے کہ قرآن پاک اللہ تعالیٰ کا وہ کلام ہے جو انسانیت کی ہدایت کے لیے نازل کیا گیا۔ قرآن اپنی فصاحت و بلاغت، حکمت اور علمی دلائل کی بدولت دنیا کے ہر انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اس میں انسان کی زندگی کے ہر پہلو کا احاطہ کیا گیا ہے، خواہ وہ انفرادی ہو یا اجتماعی، روحانی ہو یا مادی۔ قرآن پاک کا سب سے بڑا معجزہ یہ ہے کہ یہ ہر زمانے اور ہر قوم کے لیے قابلِ عمل ہے اور اس کی تعلیمات وقت کے ساتھ مزید روشن اور واضح ہوتی ہیں۔قرآن مجید زندگی گزارنے کا ایک مکمل نظام پیش کرتا ہے۔ اس میں موجود احکامات انسان کو عدل، انصاف، امن اور محبت کا درس دیتے ہیں۔
محمد عباس نقشبندی نے کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت دل کو سکون اور روح کو تقویت بخشتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو محفوظ کرنے کا وعدہ کیا ہے اور آج بھی یہ اپنی اصل شکل میں موجود ہے، جس کا کوئی بدل نہیں۔ قرآن ہمیں علم، اخلاق اور اعمال کے ذریعے دنیا و آخرت میں کامیابی کا راستہ دکھاتا ہے۔ اس کی تعلیمات پر عمل کرنا ہمیں ایک مثالی انسان اور معاشرہ بننے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ قرآن کا علم انسان کی زندگی میں روشنی اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ یہ انسان کو نہ صرف اپنی ذات کے بارے میں آگاہی دیتا ہے بلکہ اسے کائنات کے رازوں کو سمجھنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں دینی و دنیاوی
تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم و تربیت اور طرز زندگی کے اصول سکھائے جاتے ہیں۔
اس موقع پر قاری خالد حمید کاظمی، قاری محمد اسماعیل سعیدی،قاری خضر ذیشان نعیمی، مظہر
اقبال سعیدی سمیت دیگراساتذہ کرام اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تبصرہ