منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام یونان میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس

نبی اکرم ﷺ قیامت تک کے انسانوں کےلئے رول ماڈل ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
نوجوان سیرت النبی ﷺ کا مطالعہ کریں: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل

Dr Hassan Qadri addressing Milad un Nabi Conference Athens Greece

لاہور(19 نومبر 2024)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام یونان میں میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ قیامت تک کے انسانوں کے لئے رول ماڈل ہیں۔ آپ نے اپنے اخلاق عالیہ، اسوہ حسنہ کے ذریعے جہالت میں ڈوبے ہوئے عرب معاشرے کو علم کے نور سے منور کیا۔ جس معاشرے کا تعارف ظلم تھا وہی لوگ آپ ﷺ کی تربیت کے بعد دنیا کے لئے اخلاق و کردار کے معیار بن گئے۔ تمام مسائل کا حل آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ نوجوان تمام قدیم وجدید محقیقین کو پڑھیں مگر سیرت النبی ﷺ کا مطالعہ سرفہرست رکھیں۔ ہماری نجات اللہ کے رسول ﷺ کی اطاعت اور فرماں برداری میں ہے۔

دیار غیر میں آباد مسلم خاندان اپنی آئندہ نسلوں کے ایمان و اعتقاد کی حفاظت کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کا شکار نہ ہوں، ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے ایمان کی حفاظت کرنی ہے۔ منہاج القرآن اور قائد منہاج القرآن اسی مشن پر کاربند ہیں۔ اس عظیم الشان کانفرنس میں یورپ بھر سے ممتاز شخصیات، پاکستانی کمیونٹی کے سیاسی، سماجی، مذہبی اور صحافتی نمائندوں نے شرکت کی۔ منہاج یورپین کونسل کے صدر بلال اُپل، سویڈن سے ایم کیو آئی کے صدر بابر شفیع شیخ، جنرل سیکرٹری احمد جاوید وڑائچ بھی موجود تھے۔ شرکا نے علم و امن اور سیرت طیبہ کے فروغ کے حوالے سے منہاج القرآن کی عالمگیر دعوتی خدمات پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تحریک منہاج القرآن اسلامی اقدار کے فروغ و احیا کے لئے مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔

نقابت کے فرائض قاری مدثر مصطفیٰ اور احمد فراز نے سر انجام دئیے۔ تقریب میں نعت خواں شاہد اکرم، ارشد محمود، محمد حسنین، احسن سیفی، امانت علی اور محمد افضال نے حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان ارسلان خرم چیمہ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top