سوشل میڈیا کا منفی استعمال نوجوانوں کی زندگی میں زہر گھول رہا ہے: علامہ رانا محمد ادریس
والدین، اساتذہ، علما سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کا شعور اجاگر کریں
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کا جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور (6 دسمبر2024) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا منفی استعمال امت کے نوجوانوں کی ایمانی زندگی میں زہر گھول رہا ہے، والدین، اساتذہ، علمائے کرام سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کا شعور اجاگر کرکے امہ کے نوجوانوں کو فکری فتنوں سے بچائیں، جس میدان سے حملے ہو رہے ہیں ہمیں اپنا دفاع بھی اسی میدان کے اندر کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ نوجوان تحقیق کیے بغیر وائرل دینی معلومات پر آنکھیں بند کر کے بھروسہ نہ کریں، دین کا علم مستند علمی ہستیوں سے لیں، اسلام کے دشمن غیر محسوس انداز کے ساتھ مصطفوی تعلیمات کو مسخ کر کے پیش کر رہے ہیں اور گمراہی پھیلا رہے ہیں، سوشل میڈیا آنے سے فرقہ وارانہ تضادات میں شدت آئی ہے اس کا موثر رد ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کے نوجوانوں کے ایمان و کردار کی حفاظت کے لیےدن رات کوشاں ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سوشل میڈیا پر نہایت مدلل انداز کے ساتھ راہنمائی مہیا کر رہے ہیں، نوجوان انھیں سنیں اور فالو کریں، وہ مشرق اور مغرب دونوں اطراف کے نباض ہیں، انھوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے اندرون و بیرون ملک قائم تعلیمی اداروں میں لاکھوں طلباء و طالبات دینی و دنیوی علوم سے بہرہ مند ہو رہے ہیں، منہاج القرآن علم کی طاقت سے فتنوں کا سدباب کر رہی ہے۔
تبصرہ