پاکستانی کی پہلی خاتون کوہِ پیما زیبا بتول کی آغوش آرفن کیئر ہوم آمد
آغوش آرفن کیئر ہوم میں آ کر دل کو سکون ملا آپ انسانیت کے اصل ہیرو ہیں
ڈاکٹر طاہر القادری نے یتیم بچوں کو وہ سہارا دیا جس کی انہیں ضرورت تھی: زیبا بتول
آغوش میں ایسا ماحول دے رہے ہیںجہاں بچے محبت، تحفظ اور اعتماد کے ساتھ پروان چڑھ سکیں
ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل(ر) مبشر اقبال نے زیبا بتول کی آمد پر استقبال کیا
لاہور (22 دسمبر2024) پاکستان کی پہلی خاتون کوہِ پیما زیبا بتول نے تحریک منہاج القرآن کے ذیلی ادارےآغوش آرفن کیئر ہوم کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل(ر) مبشر اقبال نے زیبا بتول کا استقبال کیا اور آغوش آرفن کئیر ہوم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
زیبا بتول نے اس موقع پر آغوش میں موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ادارے کی خدمات کو بے حد سراہتے ہوئے کہاکہ آغوش آرفن کیئر ہوم ان تمام بچوں کے لئے ایک بہترین پناہ گاہ ہے جنہیں زندگی نے مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ ایسے عظم ادارے ہماری معاشرتی ذمہ داریوں کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔ زیبا بتول نے آغوش کے قیام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس ادارے کے ذریعے یتیم بچوں کو وہ سہارا دیا ہے جس کی انہیں سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم اور عملے کی کاوشیں بے حد قابل ستائش ہیں جو ان بچوں کو ایک روشن مستقبل دینے کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔یہ ادارہ ان تمام بچوں کےلئے امید کی کرن ہے جو دنیا کی سختیوں کا شکار ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم میں آ کر دل کو سکون ملا آپ جیسے لوگ ان بچوں کا سہارا بنے ہوئے ہیں، آپ سب انسانیت کے اصل ہیرو ہیں۔دورے کے دوران زیبا بتول نے آغوش کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جن میں تعلیمی سیکشن، رہائشی کمروں اور کھانے کے انتظامات شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات بین الاقوامی معیار کی ہیں ۔ اس موقع پر کرنل(ر) مبشر اقبال نے کہا کہ آغوش میں بچوں کی شخصیت سازی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کےلئے مختلف سرگرمیاں اور تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ بہتر مستقبل حاصل کر سکیں۔ ہمارا مقصد بچوں کو ایسا ماحول دینا ہے جہاں وہ محبت، تحفظ اور اعتماد کے ساتھ پروان چڑھ سکیں۔
تبصرہ