پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری علامہ منہاج الدین قادری کے والد شیخ لیاقت قادری (مرحوم) کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب
صالح اساتذہ کی رفاقت میں رہنا انسان کو دنیا کی گمراہیوں سے بچا سکتا ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہےکہ نفع بخش زندگی وہ ہے جس کا ہر لمحہ اللہ کی یاد اور اس کے احکامات کی اطاعت و اتباع میں بسر ہو۔ اللہ کے انعام یافتہ بندوں کے راستے پر چلنے والوں کے ایمان و کردار کی حفاظت کا بندوبست اللہ رب العزت خود فرما دیتے ہیں۔ اچھے لوگوں، باعمل قیادت اور صالح اساتذہ کی رفاقت میں رہنا انسان کو دنیا کی آلائشوں اور نفس کی گمراہیوں سے بچا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل نظامت تربیت کے ناظم (تنظیمات) علامہ منہاج الدین قادری کے والد شیخ لیاقت قادری مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شیخ لیاقت قادری(مرحوم) کی زندگی کو ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے اپنی آخری سانس تک اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو عامۃ الناس تک پہنچانے کا عمل جاری رکھا۔
انہوں نے کہا کہ دعوت دین کے لیے خود کو وقف کرنے والوں کا اٹھنا بیٹھنا، سونا جاگنا سب عبادت بن جاتا ہے اور یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر انسان فلاح پا سکتا ہے۔ اس موقع پر جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ گیلانی، پروفیسر سلیم چوہدری، نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، حفیظ اللہ جاوید، غلام مرتضیٰ علوی، میاں عنصر محمود، قاری ریاست علی چدھڑ، محمد فاروق رانا، عبدالستار منہاجین، احسن ارشاد ،طیب ضیا سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، اسٹاف ممبران اور علامہ منہاج الدین قادری کے اعزاء و اقارب نے بھی تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔
تبصرہ