منہاج القرآن لاہور کی مشاورتی کونسل کا اجلاس، عہدیداران کی شرکت
انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات دین کا اہم حصہ ہیں: علامہ رانا محمد ادریس
دین اسلام ہمیں لوگوں کی ضروریات کا خیال رکھنے کا درس دیتا ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل
کارکنان سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مؤثر استعمال یقینی بنائیں: پروفیسر ذوالفقار علی صدر لاہور
لاہور (3 جنوری 2025) تحریک منہاج القرآن لاہور کی مشاورتی کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں صدر لاہور پروفیسر ذوالفقار علی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ناظم لاہور امجد حسین چوہدری سمیت ضلعی و پی پی صدور، ناظمین اور زونل ذمہ داران سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ممبر شپ، عوامی رابطہ مہم ، دروس عرفان القرآن، حلقہ ہائے درود شریف، اعتکاف 2025 سمیت، تنظیمی استحکام کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران کو آئندہ کے اہداف دئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ خدمت دین انسانیت کی معراج ہے۔ خدمت دین کا مطلب صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھانا بھی دین کا اہم حصہ ہیں۔ دین اسلام ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے لوگوں کی ضروریات کا خیال رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کوشش کریں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی زندگی اس کی بہترین مثال ہے، آپ ﷺ نے ہمیشہ یتیموں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مدد کی اور امت کو بھی اس کی تلقین فرمائی۔ آج کے دور میں خدمت دین کا دائرہ مزید وسیع ہو چکا ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم، صحت، غربت کے خاتمے اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔
پروفیسر ذوالفقار علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیموں میں تحرک لانے کے لیے قیادت کے ساتھ ساتھ کارکنان کا کردار بھی نہایت اہم ہوتا ہے۔ ہر کارکن کو اپنے دائرہ کار میں محنت، دیانت اور اخلاص کے ساتھ تنظیمی ذمہ داریوں کو نبھانا ہوگا۔ انہوں نے تنظیمی استحکام کے لیے جدید تکنیکی وسائل کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملٹی میڈیا، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو تنظیمی پیغامات کی ترسیل کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
پروفیسر ذوالفقار نے مزید کہا کہ کارکنان کو قائدین کے ساتھ جڑے رہناچاہیے تاکہ ان کے مسائل اور تجاویز کو فوری طور پر سنا اور حل کیا جا سکے۔
اجلاس میں علامہ منہاج الدین قادری ،قاری ریاست علی چدھڑ ،علامہ خلیل احمد حنفی، حاجی محمد امجد قادری، کیپٹن( ر) عبدالمجید، محمد افضل بھٹی، طارق الطاف، محمد رمضان ایوبی، حاجی حنیف قادری، محمد ریحان چوہدری، معراج خالد قادری، عثمان اختر، نورین علوی اور فہنیقہ ندیم سمیت دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ