ناروے میں ”دستور مدینہ“ کی تقریب رونمائی، پاکستانی سفیر کی شرکت
ریاست مدینہ نظم و ضبط کا شاہکار تھی: چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
منہاج القرآن کی بین المذاہب رواداری کی کوششوں کے معترف ہیں: پاکستانی سفیر آصف حمید
لاہور (22جنوری 2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شہرہ آفاق کتاب ”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ کتاب کا دو جلدوں پر مشتمل انگریزی ترجمہ ہو گیا ہے، اس کتاب کی ناروے میں تقریب رونمائی ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی، سفرا اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف، مساوات، اتحاد و یکجہتی، مالی وانتظامی شفافیت، مواخات اور نظم و ضبط پر رکھی۔
انہوں نے کہا کہ جو ملک بھی ان اوصاف سے متصف ہیں وہ ترقی یافتہ ہیں، اور جن قوموں نے ان بنیادی اصولوں کو نظر انداز کیا وہ غربت، جہالت اور بدانتظامی کی چکی میں پس رہی ہیں، ریاست مدینہ کا انتظامی ماڈل پرامن سوسائٹی کی تشکیل کے راہ نما اصول مہیا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبہ میں محنت اور خدمات کے مطلوبہ نتائج نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قیادت کی مہیا کی گئی گائیڈ لائن پر عمل پیرا رہنے سے حاصل ہوتے ہیں، اطاعت امیر، نظم و ضبط اور اتحاد کے بغیر کوئی بھی ملک، تنظیم یا تحریک کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔
ناروے میں پاکستان کے سفیر آصف حمید نے کہا کہ منہاج القرآن اسلام کی بین المذاہب رواداری کے لئے انجام دی جانے والی کوششوں کے معترف ہیں۔
مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ریاست مدینہ کے موضوع پر ضخیم کتاب تحریر کر کے ایک تاریخی قرض ادا کیا ہے،اس کتاب کا ہر صفحہ ریاست مدینہ کے انتظامی ماڈل سے متعلق سنہری اصولوں تک رسائی دیتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ شیخ الاسلام کی سرپرستی میں منہاج القرآن تعلیم اور مکالمہ کے فروغ، بین المذاہب رواداری، بین المسالک ہم آہنگی اور اتحادِ اُمت کے سب سے بڑے پلیٹ فارم کے طور پر متحرک و کوشاں ہے۔
تقریب صدر منہاج یورپین کونسل بلال اُپل، معصوم زبیر ہیڈآف اسلامک کونسل آف ناروے، سید نعمت علی شاہ بخاری امام آف سنٹرل جماعت اہل سنت، سامعہ ناز، خالد محمود، قیصر نجیب، علامہ محمد اقبال فانی، حافظ ساجد احمد و دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ