منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب
18 بچیوں کی رخصتی، ہر جوڑے کو 5 لاکھ کا گھریلو سامان بطور تحفہ دیا گیا
خرم نواز گنڈاپور، رفیق نجم، انجینئر ثناء اللہ، اشتیاق حنیف نے جوڑوں کو تحائف دئی
لاہور(25 جنوری 2025ء) منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام راولپنڈی میں 18 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ ہر جوڑے کو 5 لاکھ روپے کا گھریلو سامان بطور تحفہ دیا گیا، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، ڈائریکٹر آپریشن انجینئر محمد ثناء اللہ اور اشتیاق حنیف مغل سمیت مقامی قائدین نے دلہنوں اور دولہوں کو تحائف دئیے اور دعائوں کے ساتھ رخصت کیا۔ دولہوں اور دلہنوں کی طرف سے سینکڑوں باراتی شریک ہوئے جن کے طعام کا منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی طرف سے خصوصی اہتمام کیا گیا۔ منہاج یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس کے راہ نمائوں نے دولہوں اور منہاج ویمن لیگ کی قائدین نے دلہنوں کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کی شادی ایک مقدس مذہبی فریضہ ہے مگر افسوس مہنگائی اور حرص و لالچ اس فریضہ کی ادائیگی کی راہ کی آج بڑی رکاوٹ ہے۔ سوسائٹی کے تمام طبقات کو جہیز کی لعنت کا خاتمہ کر کے اسلام کے سادگی کے کلچر کو پروان چڑھانا چاہیے اور مخیر حضرات کم آمدنی والے خاندانوں کی اس ضمن میں مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن مبارکباد کی مستحق ہے جس نے آج شادیوں کی شاندار اجتماعی تقریب منعقد کی۔
انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن پاکستان کے علاوہ ترکی، شام، برما اور افریقہ کے پسماندہ علاقوں میں مختلف شعبوں میں ویلفیئر کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے شادیوں کی اجتماعی تقریب میں حصہ لینے والی انتظامی کمیٹیوں کو بھی مبارکباد دی، شادی کی تقریب سے انجینئر ثناء اللہ اور اشتیاق حنیف مغل نے اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے مختلف فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ راہ نمائوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن صاف پانی کی فراہمی، موبائل میڈیکل کیمپس، تعلیمی وظائف، بیوہ خواتین کی ماہانہ مالی امداد، سستی خوراک اور رعایتی دستر خوان جیسے منصوبے چلارہی ہے۔
تقریب میں جسٹس(ر) صغیر احمد قادری، ٹکا خان، ڈاکٹر سعدیہ کمال، سید جاوید گیلانی، احمد نواز انجم، کرنل (ر) خالد جاوید، ریاست علی قادری ایڈووکیٹ، فخر زمان عادل، سعدیہ حسین نے خصوصی شرکت کی۔
شرکائے تقریب نے اس کارِ خیر کا اہتمام کرنے اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن جیسا عظیم الشان بین الاقوامی خدمت کا ادارہ قائم کرنے پر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
تبصرہ