شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کی مرکزی لائبریری کے لئے 496کتب کا تحفہ

Shaykh-ul-Islam-Dr M Tahir ul Qadri gifts books to Darul Uloom Haqqania

لاہور (28 جنوری 2025ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے بین الاقوامی شہرت کی حامل علمی درسگاہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کی لائبریری کے لئے کتب کا تحفہ بھجوایا گیا، یہ کتب منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی ہدایت پر تحریک منہاج القرآن کے سینئر سکالر، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر سروسز ڈاکٹر علی وقار قادری اور نائب ناظم اعلیٰ چودھری عرفان یوسف کی معیت میں پہنچائی گئیں۔

جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کی لائبریری کے لیے بھجوائی گئی کتب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی تحقیقی تصانیف شامل ہیں۔ مولانا راشد الحق سمیع نے شکریہ کے ساتھ کتب کا تحفہ قبول کیا اور اس موقع پر تہنیتی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ موقر ضخیم و کثیر 496کتب کا قیمتی تحفہ موصول ہوا۔ ان قیمتی کتب کا وعدہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خصوصی دورہ دارالعلوم حقانیہ کے موقع پر کیا تھا۔

انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اپنے والد گرامی پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرح انتہائی قابل، فاضل اور کثیر المطالعہ و کثیرا لتصانیف علمی شخصیت کے مالک ہیں اور تصنیف و تالیف کے میدان میں قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اب تک انگریزی، عربی اور اردو زبان میں 17 کتب تصنیف کر چکے ہیں اور ان کی مزید 12 کتب زیر طبع ہیں۔ انہوں نے شیخ الاسلام کے صاحبزادے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے علمی تصنیفی کام کو بھی سراہا، مولانا راشدالحق سمیع نے وفد کو بتایا کہ جامعہ حقانیہ کے کتب خانہ میں گوشہ منہاج القرآن مخصوص کیا گیا ہے اور یہ تمام کتب اساتذہ و طلبہ کے مطالعہ کیلئے یہاں رکھی گئی ہیں۔ مولانا راشدا لحق سمیع نے کتب کو انمول اور قیمتی تحفہ قرار دیا اور معزز مہمانوں اور بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری اورڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان شاء اللہ دونوں خدمت دین کے اداروں کے مابین علمی، تصنیفی وتالیفی تعلق قائم رہے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر علی وقار قادری نے لاہور میں منعقدہ ”درس صحیح البخاری“ میں جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے علماء کے اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام کا شاندار مستقبل علم و تحقیق اور خالصتا علمی مکالمہ کے ساتھ وابستہ ہے اور یہی نسبت اسلامی اخوت و محبت اور باہمی بھائی چارہ کی فضا کو پروان چڑھانے کا مضبوط ذریعہ ہے۔ فی زمانہ برادرانہ اخوت کے ماحول اور خیر سگالی کے جذبات کی پاکستان کو اشد ضرورت ہے، راہنماؤں نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر مولانا راشدالحق سمیع اورجامعہ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔

Shaykh-ul-Islam-Dr M Tahir ul Qadri gifts books to Darul Uloom Haqqania

Shaykh-ul-Islam-Dr M Tahir ul Qadri gifts books to Darul Uloom Haqqania

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top