ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر ویانا میں بین المذاہب رواداری کانفرنس میں شرکت و خطاب
میثاق مدینہ کثیر المذاہب معاشروں کے لئے نمونہ ہے: چیئرمین سپریم کونسل
یونیورسل پیس فیڈریشن کے صدر پیٹر ہیڈر، ڈائیلاگ فورم کی سربراہ کیرولین، اردن کے سفیر کی شرکت
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر ویانا میں عالمی بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس میں کی نوٹ سپیکر کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میثاق مدینہ اور ریاست مدینہ کا انتظامی ماڈل آج بھی کثیر المذاہب و کثیر الثقافتی معاشروں کے لئے ایک نمونہ ہے۔ عالمی امن کے لئے باہمی اقدار و روایات کا احترام ضروری ہے۔ بطور سربراہ ریاست مدینہ آپ ﷺ نے بین المذاہب رواداری کی خوبصورت مثال قائم کی۔ مختلف مذاہب کے نمائندوں اور قبائل کے ساتھ نہ صرف معاہدات کئے گئے بلکہ اُنہیں جان و مال کا تحفظ اور مذہبی اقدار و روایات کی پاسداری کی مکمل گارنٹی دی گئی، آج بھی میثاق مدینہ سے اخلاقی اسباق حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ نجران کے مسیحی وفد کا مدینہ میں خیر مقدم، سینٹ کیتھرین کے ساتھ معاہدہ حضور نبی اکرم ﷺ کی طرف سے رواداری کی اعلیٰ مثال ہے۔ آپ ﷺ غیر مسلموں کے احترام میں کھڑے ہوتے، اسلام کی تعلیمات کا نفرت، انتہا پسندی اور عدم برداشت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کانفرنس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ انسانی حقوق کے نمائندگان، تعلیمی شعبہ کی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز راہ نماؤں نے شرکت کی جن میں مسٹر پیٹر ہیڈر صدر یونیورسل پیس فیڈریشن، اُردن کے سفیر ایچ ای محمد سمیر سالم ہنداوی، پلین الیگزینڈر ریگرسربراہ بین المذاہب مکالمہ فورم، مس کیرولین ہنگرلینڈر ایم ڈی انسٹی ٹیوٹ برائے ماحولیات امن و ترقی نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا بین المذاہب رواداری کے تناظر میں اسلامی تعلیمات کے بیان پر ان کے خطاب کو سراہا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی طرف سے مقرر شرکائے کانفرنس کو اپنی تحقیقی کتاب ”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ مطالعہ کے لئے بطور تحفہ دی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی اس کتاب کے اُردو، انگریزی اور عربی زبان میں تراجم شائع ہو چکے ہیں۔
تبصرہ