بچوں کی اخلاقی تربیت مضبوط خاندان اور مثالی معاشرہ کی بنیاد ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

آسٹریا، ویانا میں بچوں کی تربیت کے موضوع پر فکری نشست سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خطاب
منہاج القر آن انٹرنیشنل کے سکالر پوری دنیا میں اپنا تعلیمی وتربیتی کردار ادا کر رہے ہیں، چیئر مین سپریم کونسل

ویانا/لاہور(31 جنوری 2025ء) منہاج القرآن انٹر نیشنل ویانا کے زیراہتمام بچوں کی تربیت اور والدین کا کردار کے موضوع پر خصوصی فکری نشست کا اہتمام ہوا، چیئر مین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس فکری وتربیتی نشست خطاب کرتےہوئے کہا کہ بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار کلیدی ہے بچوں کی دینی واخلاقی تربیت ایک مضبوط خاندان اور مثالی معاشرہ کی بنیاد ہے، بچوںکو اسلامی تعلیمات اور اقدار وآداب دینا والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔ ساری زندگی کی ضروریات اور تقاضے اپنی جگہ پر اہم ہیں مگر بچوں کی بامقصد تعلیم وتربیت کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ والدین کا شخصی کردار، شب وروز کی مصروفیات، گھر میں اٹھنے، بیٹھنےاور بولنے کے طور طریقے بچے کا پہلا سبق اور عملی مشق ہیں، اگر والدین نمازوں کی ادائیگی کے پابند ہونگے، عزیز واقارب، ہمسایوں، دوست احباب کے ساتھ خوش خلقی والا برتائو رکھیں گے تو ہی پیغام بچوں کے شعور اور لاشعورمیں منتقل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو محض اپنی اولاد نہ سمجھیں بلکہ یہ اولاد اُمت محمدیہ کے رکن اسلام کے نظریاتی اصولوں کے وارث ہیں۔ لہٰذا والدین مثبت سوچ اور پختہ کردار والے بچے سوسائٹی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القر آن انٹر نیشنل کے سکالر ز، علمائے کرام پوری دنیا میں اپنا اصلا حاتی (اخلاقی) تعلیمی و تربیتی کردار ادا کر رہے ہیں، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری موجودہ نسلوں کے اخلاق وکردار سنوارنے اور انہیں با عمل مسلمان اور اچھا انسان بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

منہاج القرآن انٹر نیشنل آسٹریا کے صدر حفیظ اللہ قادری نے شرکاءاور چیئر مین سپریم کونسل کا فکر انگیز لیکچر دینے پر شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top