منہاج ویلفیئر کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی رنگا رنگ تقریب

15 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک، ہر دلہن کو 5 لاکھ روپے کے گھریلو سامان کا تحفہ
باراتوں کا روایتی بینڈ باجے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا گیا، 2 ہزار مہمانوں کی شرکت
تقریب میں قمر زمان کائرہ، خرم نواز گنڈاپور، میاں عمران مسعود، خدیجہ فاروقی، انجینئر ثنا اللہ کا اظہار خیال
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری دین، تعلیم اور انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں: مقررین

Collective

لاہور(17 فروری 2025) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام گجرات میں 15 غریب ومستحق بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں2 ہزارسے زائد مہمان مدعو کئے گئے۔ خطبہ استقبالیہ ڈائریکٹر آپریشنزمنہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انجینئر ثنا اللہ خان نے دیا جس میں مہمانوں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ MWF کے اغراض و مقاصد اور اسکے ملک بھر اور مقامی سطح پر چلنے والے پروجیکٹس کا تفصیلی ذکر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن ملک بھر میں سالانہ غریب و مستحق بیٹیوں کی باعزت رخصتی کا اہتمام کرتی ہے۔ مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپورنے اجتماعی شادیوں میں شریک 15 جوڑوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ فی زمانہ مستحق کی مدد کرنا بڑی نیکی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی ساری کاوش خدمت انسانیت پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ملکی تاریخ میں غریبوں کی مدد کیلئے ہمیشہ ایسے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جن سے ان کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ یہ بات باعث فخر ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری دین، تعلیم اور انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ اجتماعی شادیوں کے ذریعے غریب خاندانوں کا مالی بوجھ اٹھانا انسانیت کی ایک بڑی خدمت ہے۔ میاں عمران مسعود نے کہا کہ میں ڈاکٹر طاہر القادری اور ادارہ منہاج القرآن کو قریب سے جانتا ہوں۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کواجتماعی شادیوں کے مثالی انتظامات پر مبارکباد دیتا ہوں۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ فاروقی نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی تقریب میں آ کر دلی سکون ملا۔ دوسروں کی مدد کرنا ہی اصل نیکی اور دین ہے۔ خطبہ نکاح کے بعد نو بیاہتا جوڑوں کی نئی زندگی کے سفر پر خصوصی دعا کی گئی۔ کھانے کے بعد دولہوں اور دلہنوں کو بالترتیب بٹھا کر عرفان القرآن اور فی کس نقد رقم بطور تحفہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادی کی جانب پیش کی گئی۔

تقریب میں شریک 15جوڑوں کا نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز نے پڑھایا۔ بچیوں کو پانچ لاکھ روپے مالیت کا ضروریات زندگی کا سامان دیا گیا اور 15 سو سے زائد بارتیوں کو کھانا کھلایا گیا، باراتوں کی آمد کا سلسلہ صبح 9 بجے شروع ہو گیا جو دوپہر2 بجے تک جاری رہا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن اشتیاق حنیف مغل، سنئر وائس پریذڈنٹ MWF یورپ، سرمد جاوید، چوہدری محمد اکرم، سید فرخ حسین، چوہدری محمد اسلام، شیخ محمد وقار، شاہد رضوان سمیت منہاج ویلفیئر، تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی، ضلعی قائدین نےپھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے دولہوں کا استقبال کیاجبکہ دلہنوں کو منہاج ویلفیئر، ویمن لیگ کی خواتین رہنماؤں نے خوش آمدید کہا۔

دولہوں اور دلہنوں کو خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے۔ ہر بارات اور دولہے کا بینڈ باجے کے ساتھ استقبال کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top