خدمت دین عظیم سعادت ہے، عمل کے بغیر کامیابی ممکن نہیں: علامہ رانا محمد ادریس
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کاجامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور (21 فروری 2025) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام میں نمازِ جمعہ کے موقع پر’’خدمتِ دین‘‘ کے موضوع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دین کی خدمت ایک عظیم سعادت اور اللہ کی خاص نعمت ہے، جو دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بنتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ وہی اقوام اور افراد کامیاب ہوتے ہیں جو اخلاص اور للہیت کے ساتھ دین کی خدمت کرتے ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا معاشرہ امن، عدل اور محبت کا گہوارہ بنے تو ہمیں دین کی حقیقی روح کو سمجھنا ہوگا اور اس پر عمل کرنا ہوگا۔ محض زبانی دعوے اور تقریریں کافی نہیں، بلکہ عملی اقدامات ہی اصل خدمت کہلاتے ہیں۔
علامہ رانا محمد ادریس نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا اور جدید ذرائع ابلاغ کو مثبت انداز میں استعمال کریں اور دین کی اشاعت و تبلیغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ دینِ اسلام مکمل ضابطۂ حیات ہے، جو صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالیں اور دوسروں کے لیے نفع بخش بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دور فکری انتشار اور نظریاتی چیلنجز کا دور ہے، جہاں اسلام کے حقیقی پیغام کو مسخ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دین کی خدمت کا مطلب صرف درس و تدریس یا وعظ و نصیحت نہیں، بلکہ معاشرتی بھلائی، رفاہی کام، یتیموں اور مسکینوں کی مدد، اور اخلاق حسنہ کو اپنانا بھی دین کی خدمت کے زمرے میں آتا ہے۔ اگر ہم حقیقی معنوں میں دین کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کرنی ہوگی۔
تبصرہ