رمضان المبارک نیکیوں میں سبقت لے جانے کا بہترین موقع ہے: علامہ رانا محمد ادریس

مورخہ: 07 مارچ 2025ء

ماہ رمضان میں نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے: نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
اسلام میں صدقہ و خیرات کو عبادت اور سماجی ذمہ داری قرار دیا گیا: جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Allama Rana Muhammad Idrees Qadri  addressing Jummah gathering

لاہور (7 مارچ2025) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ نیکیوں میں سبقت لے جانے کا بہترین موقع ہے، صدقہ و خیرات سے نہ صرف اللہ کی رضا حاصل ہوتی ہے بلکہ محتاجوں کی مدد سے معاشرے میں ہمدردی اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے۔ نبی کریم ﷺ رمضان المبارک میں سب سے زیادہ سخاوت فرمایا کرتے تھے، اس لیے ہمیں بھی اس سنتِ مبارکہ پر عمل کرتے ہوئے دل کھول کر مستحقین کی مدد کرنی چاہیے۔ نیکیوں کا موسمِ بہاررمضان المبارک اسلامی سال کا وہ مقدس مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور برکتیں اپنے عروج پر ہوتی ہیں۔ اس مہینے میں نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے اور ہر نیک عمل کو اللہ تعالیٰ خصوصی رحمت سے نوازتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ زکوٰۃ، صدقات، فطرانہ اور دیگر امدادی سرگرمیوں کے ذریعے ضرورت مندوں کی مدد کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی روزہ دار بھوکا نہ رہے۔ اسلام میں صدقہ و خیرات کو ایک اہم عبادت اور سماجی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔

نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے:"صدقہ گناہوں کو اس طرح مٹاتا ہے جیسے پانی آگ کو بجھا دیتا ہے"۔ انہوں نے کہا کہ صدقہ دینا نہ صرف آخرت میں اجر و ثواب کا باعث ہے بلکہ دنیا میں بھی انسان کو کئی مشکلات سے نجات دلاتا ہے۔ حدیث مبارکہ میں ہے کہ "صدقہ مصیبتوں کو دور کرتا ہے اور عمر میں برکت کا باعث بنتا ہے۔ " رمضان میں اللہ تعالیٰ کی رحمت کے دروازے کھلے ہوتے ہیں، اس لیے یہ وقت بہترین ہے کہ ہم صدقہ دے کر اپنی مشکلات اور آزمائشوں سے نجات حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ فرض عبادت ہے اور فطرانہ ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر واجب ہے۔ اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ غرباء اور مستحق افراد بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔ حدیث مبارکہ ہے:"جب انسان مر جاتا ہے تو اس کے اعمال ختم ہو جاتے ہیں، سوائے تین چیزوں کے: صدقۂ جاریہ، ایسا علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے، اور نیک اولاد جو اس کے لیے دعا کرے۔ " لہٰذا، ایسے کام کرنا جن کا فائدہ لمبے عرصے تک رہے، رمضان میں بہترین نیکیوں میں شمار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی برکتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ صدقات و خیرات کریں۔ یہ نیکی نہ صرف ہمیں اللہ تعالیٰ کی قربت عطا کرے گی بلکہ ہمارے مال میں برکت، زندگی میں آسانی اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بھی بنے گی۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان المبارک کی ان برکتوں سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top