رمضان المبارک ایمان کی تجدیدکا مہینہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
رمضان المبارک ایمان اور نفاق میں فرق واضح کر دیتا ہے: چیئرمین سپریم کونسل
مومنین عبادت وصدقہ و خیرات کے ذریعے رمضان کی برکات حاصل کرتے ہیں: خطاب
لاہور (4 مارچ 2025) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ایمان کی تجدید کا مہینہ ہے۔مومنین عبادت و صدقہ و خیرات کے ذریعے رمضان المبارک کی برکات حاصل کرتے ہیں۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن مجید نازل ہوا اور اللہ تعالیٰ نے ہر صاحب استطاعت مسلمان پر روزے فرض کیے ہیں۔ رمضان المبارک ایمان کی تجدید اور گناہوں سے مغفرت کا مہینہ ہے، جس میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور سرکش شیاطین قید کر دیے جاتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کی فضیلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں ایک ایسی رات آتی ہے جو ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل ہے۔ انہوں نےحدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص اس مبارک مہینے کو پا کر بھی اپنی بخشش نہ کروا سکا، وہ بدبخت اور بد نصیب ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایمان اور نفاق میں فرق واضح کر دیتا ہے۔ مومنین اس مہینے میں عبادت، صدقہ و خیرات اور حسن اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہیں، جبکہ منافق اس کے برعکس ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور فریب کاریوں سے روزہ داروں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ رمضان کی رحمتوں اور برکتوں کو سمجھ لے تو ہر وقت اس کی خواہش کرے کہ پورا سال رمضان رہے۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ روزے کا احترام بے حد ضروری ہے، روزہ دار کو اپنی زبان، نظریں، ہاتھ پاؤں اور خیالات کو پاکیزہ رکھنا چاہیے۔
تبصرہ