مستحقین کی مدد دینی فریضہ ہے: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 10 مارچ 2025ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے سینکڑوں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا
سید امجد علی شاہ اور دیگر عہدیداران نے ضرورت مندوں میں راشن بیگ تقسیم کئے

Minhaj Welfare Foundation distributed ration to hundreds of deserving families

لاہور (10 مارچ 2025) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منہاج یونیورسٹی گرائونڈ میں سینکڑوں مستحق خاندانوں میں اشیائے خورد و نوش پر مشتمل رمضان راشن پیکج تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ انسٹی ٹیوشنز سید امجد علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مستحق افراد میں رمضان راشن پیکج تقسیم کیے۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ عبادت، ایثار اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیتا ہے اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر سال اس بابرکت مہینے میں مستحق خاندانوں کے لیے راشن کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے۔ ضرورت مندوں کی مدد کرنا فلاحی اداروں کے ساتھ ساتھ ہر صاحب استطاعت فرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت پورے ملک میں راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور ہزاروں خاندانوں کو یہ راشن مہیا کیا جا رہا ہے۔ ہمارے دروازے ہر ضرورت مند کے لیے کھلے ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کوئی بھی مستحق شخص رمضان المبارک میں بھوکا نہ رہے۔ ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ انسٹی ٹیوشنز سید امجد علی شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، جو ہمیں ایک دوسرے کا احساس کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں مستحقین کی مدد کرنا نہ صرف ایک اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے بلکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق ایک عظیم عبادت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر سال ہزاروں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرتی ہے تاکہ انہیں روزمرہ کی بنیادی ضروریات میسر آ سکیں۔ ہمارا مقصد صرف راشن تقسیم کرنا نہیں بلکہ ایک ایسا سماجی نظام تشکیل دینا ہے جس میں ہر ضرورت مند کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔"مستحقین کی مدد بہترین صدقہ ہے"۔

انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔رمضان راشن پیکج ملنے پر مستحق افراد نے خوشی کا اظہار کیا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top