روزہ سے صبر اور برداشت کے اوصاف پیدا ہوتے ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
روزہ بہترین عبادت طبی و روحانی فیوض و برکات کا ذریعہ ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
لاہور (13 مارچ2025) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ روزہ صبر اور قوت برداشت کے اوصاف پیدا کرتا ہے۔ روزہ بہترین عبادت اور طبی و روحانی فیوض و برکات کا ذریعہ ہے۔ بھوک، پیاس پر قابو پا کر انسان اپنی خواہشات کو کنٹرول کرنا سیکھتا ہے۔ اس صبر کی بدولت انسان زندگی کے دیگر معاملات میں بھی مضبوط بن جاتا ہے اور مشکلات کا سامنا حوصلے اور ہمت سے کرتا ہے۔ روزہ انسان کے نفس اور قلب و باطن کو ہر قسم کی آلودگی اور کثافت سے پاک و صاف کر دیتا ہے۔ روزہ انسان کو تقویٰ اور پرہیز گاری کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔
قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ’’ اے ایمان والو تم پر روزے فرض کئے گئے ہیں۔ جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تا کہ تم پرہیز گار بن جائو‘‘ یہ آیت روزے کے اصل مقصد کو واضح کرتی ہے کہ اس کے ذریعے دل میں اللہ کا خوف اور نیکی کی جستجو پیدا ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ روزہ رکھنے والا بھوک اور پیاس کی شدت کو محسوس کرتا ہے جس سے اسے ان غریبوں اور ناداروں کا احساس ہوتا ہے جو ہر روز ایسی تکالیف کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ احساس دل میں ایثار، ہمدردی اور دوسروں کی مدد کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دکھی اور مستحق انسانیت کی خدمت کے جذبے سےا یک ایسا فلاحی معاشرہ وجود میں آتا ہے جس کی اساس باہمی محبت و مروت، انسان دوستی و درد مندی و غم خواری کی لافانی قدروں پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ روزہ قربانی اور ایثار کا ایک مکمل عملی نمونہ ہے جو ہمیں دوسروں کےلئے جینے، اپنی خواہشات پر قابو پانے اور اللہ کی رضا کےلئے قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔ روزہ ایک ایسا مقدس عمل ہے جو انسان کے دل و دماغ کو پاکیزہ بنا کر اسے روحانی بلندی عطا کرتا ہے اور ایک بہترین انسان بننے میں مدد دیتا ہے۔
تبصرہ