منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات کا موضوع ’’ عشق الہیٰ اور لذت توحید‘‘ ہوگا
لاہور(16 مارچ 2025) حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کے سب سے بڑے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، جامعہ المنہاج ماڈل ٹاؤن ٹاؤن شپ میں آباد ہونے والے شہر اعتکاف میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بیرون ملک سے ہزاروں متعکفین اور معتکفات شریک ہونگے، کراچی، کوئٹہ، اندرون سندھ، آزاد کشمیر اور بلوچستان معتکفین کے قافلے آئینگے، شہر اعتکاف کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ خواتین کی اعتکاف گاہ کے انتظامات بھی تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں۔
شہر اعتکاف کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کو حتمی رپورٹ پیش کر دی ہے، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری شہر اعتکاف 2025ء جواد حامد نے شہر اعتکاف میں انتظامات کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری شہر اعتکاف کو مختلف شہروں میں اعتکاف کیلئے ہونے والی رجسٹریشن کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
جواد حامد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں اعتکاف کیلئے قبل ازوقت ہونے والی رجسٹریشن کے باعث انتظامات کا معیار بہتر کرنے میں بہت زیادہ آسانی ہو گی۔ جواد حامد نے مزید کہا کہ شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کیلئے تحریک منہاج القرآن کے ملک بھر کے دفاتر میں غیر معمولی رش رہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف میں معتکفین کو غیر معمولی روحانی ماحول میسر آتا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیتی دروس ہزاروں افراد کی زندگیاں بدل دیتے ہیں، امسال ان کے خطابات کا موضوع’’ عشق الہیٰ اور لذت توحید‘‘ ہوگا۔ شہر اعتکاف میں انفرادی اور اجتماعی اذکار اور وظائف کے علاوہ تربیتی نشستوں کا خصوصی اہتمام کیا جائیگا۔ ہزاروں متعکفین کے سحر و افطار کی بروقت ترسیل کا مربوط نظام ترتیب دے دیا گیا ہے۔
تبصرہ