انسان اپنے اخلاقی رویوں سے معتبر ہوتا ہے – ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر کا شہرِ اعتکاف میں آدابِ زندگی کے موضوع پر تربیتی لیکچر
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ی الدین قادحسین محری نے شہرِ اعتکاف میں آدابِ زندگی کے موضوع پر ہزارہا معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیکی صرف ظاہری اعمال کا نام نہیں، بلکہ اس کا حقیقی مفہوم یہ ہے کہ انسان اپنے رشتوں کا احترام کرے اور حقوق العباد کی خلاف ورزی نہ کرے۔ آج ہم ناسمجھی یا غفلت میں دوسروں کے بارے میں ایسے رویے اختیار کر لیتے ہیں جو دل آزاری کا باعث بنتے ہیں، حالانکہ یہ عمل اللہ تعالیٰ کے نزدیک قابلِ گرفت ہے۔
انہوں نے صوفیائے کرام کی زندگیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ انسانیت سے محبت اور دوسروں کی دل جوئی کرتے تھے۔ ان کے حسنِ سلوک کی بدولت برصغیر میں اسلام پھیلا۔ کسی کی عظمت کا معیار بڑی ڈگری، بڑا عہدہ یا اعلیٰ نسب نہیں بلکہ اچھے اخلاق اور آداب ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی تمام تعلیمات ادب اور احترام سے متعلق ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: "مجھے اچھے اخلاق کی تکمیل کے لیے مبعوث کیا گیا ہے"۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ منہاج القرآن کی یہ اعتکاف گاہ آداب سیکھنے کی عملی تجربہ گاہ ہے۔ اگر ہمارے اخلاق درست ہو جائیں تو ہماری دنیا اور آخرت سنور جائے گی۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی مادی زندگی کی مصروفیات کے ساتھ ساتھ سیرتِ طیبہ کا مطالعہ جاری رکھیں اور کسی بھی حال میں قرآن و سنت سے اپنا تعلق کمزور نہ ہونے دیں۔
دینِ اسلام سراپا آداب اور مرقعِ اخلاق ہے، جہاں قرآن مجید اور سنتِ رسول ﷺ سے آدابِ زندگی کے اعلیٰ معیارات متعین ہوتے ہیں۔ ایک کامل اور باوقار شخصیت کی تعمیر کا واحد ذریعہ قرآنِ حکیم اور احادیثِ نبوی ﷺ کی پیروی ہے۔ اسی مقصد کے تحت منہاج القرآن کی اعتکاف گاہ کو ایک ایسی عملی تجربہ گاہ قرار دیا جاتا ہے، جہاں شرکاء کو اسلامی آداب و اخلاق کی تربیت دی جاتی ہے اور وہ روحانی بالیدگی کے ساتھ ساتھ عملی زندگی میں بھی ان اصولوں کو اپنانے کا شعور حاصل کرتے ہیں۔
تبصرہ