شہر اعتکاف 2025: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں خطبۂ جمعۃ الوداع
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع المنہاج بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) میں شہرِ اعتکاف 2025ء کے پنڈال میں جمعۃ الوداع کے اجتماع سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن تین سعادتوں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ پہلا یہ کہ یہ جمعہ کا دن ہے دوسرا یہ کہ یہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں آیا ہے اور تیسرا یہ کہ یہ اعتکاف کے دوران نصیب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے معتکف کے بارے میں فرمایا کہ وہ گناہوں سے روک دیا جاتا ہے اور اس کے لیے اتنی نیکیاں لکھی جاتی ہیں جو تمام نیک اعمال کو جمع کر کے لکھی جائیں۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شہرِ اعتکاف قرونِ اولیٰ کی جیتی جاگتی مثال ہے جہاں ہزاروں افراد اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی خاطر جمع ہوتے ہیں اور دین کے رشتے میں جُڑ کر محبت اور اخلاص کی فضا پیدا کرتے ہیں۔ یہ اجتماع بے لوث خدمت اور ایثار کا عملی نمونہ ہے جہاں کوئی کسی کے لیے کھانا لاتا ہے، کوئی برتن دھوتا ہے اور کوئی دوسروں کے لیے بستروں کی صفائی کا انتظام کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص دنیا میں اللہ کے عذاب سے خوف رکھے گا اللہ تعالیٰ اسے آخرت کے خوف سے نجات دے گا اور جو دنیا میں اللہ سے بے خوف ہو کر امن کی زندگی گزارے گا، اسے آخرت میں خوف میں مبتلا کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاجدارِ کائنات ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ صاف گو اور ایماندار تاجر نبیوں، صدیقین اور شہداء کے ساتھ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا: "پس جب نماز پوری ہو جائے تو زمین میں پھیل جاؤ اور اللہ کا فضل تلاش کرو" (الجمعة: 10)۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ رزق کی تلاش میں اللہ کا خوف اور اعتدال ضروری ہے۔ ایک تاجر کو چاہیے کہ وہ کبھی غلط یا ناقص مال فروخت نہ کرے جس سے کسی کو نقصان پہنچے۔ تجارت میں دیانتداری اور انصاف کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے کیونکہ نیکی کا بدلہ نیکی کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے وسائل میں دوسروں کو شریک کرنا آدابِ تجارت میں شامل ہے۔ اپنی ذاتی ضروریات کو کم کرنا اور صدقہ و خیرات بڑھانا معاشرتی بھلائی کا ذریعہ ہے۔ ایک تاجر کا یہ فرض ہے کہ وہ ایسا سامان تیار نہ کرے جو کسی کی صحت کو نقصان پہنچائے یا کسی کی جان کے لیے خطرہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ اعتدال آدھی معیشت ہے اور رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "جو کوئی بھی اعتدال اپنائے گا، وہ کبھی غریب نہیں ہوگا"۔
انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں برکت ہو، وہ صلہ رحمی کو فروغ دے، کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھوئے اور نماز کی پابندی کرے۔ حضرت معاذ بن جبلؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "تم تقویٰ کو اپنی تجارت بنا لو، تو تمہیں بغیر تجارت کے رزق دیا جائے گا"۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اجتماع کے شرکاء کو دعا دی اور انہیں دین اخلاص اور خدمتِ خلق کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی تلقین کی۔ آخر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ