حقیقت تصوف کو سمجھنے کیلئے اللہ والوں کے اخلاق و کردار کو سمجھنا ہوگا: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
لاہور (11 اکتوبر 2025) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیدنا غوث الاعظم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ زہد و تقویٰ میں بلند تر مقام رکھتے تھے۔ تصوف کی حقیقت کو سمجھنے کیلئے اللہ والوں کے اخلاق و کردار کو دیکھنا اور سمجھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تصوف کے موضوع کی سینکڑوں جہتیں ہیں، تصوف کا پہلا رکن اللہ سے شدید درجہ کی محبت ہے، محبت کی پہلی نشانی یہ ہے کہ انسان محبوب کے سوا باقی ہر چیز کو بھول جاتا ہے، اس کا دل غیر کے خیال سے خالی ہو جاتا ہے، بلکہ سچی محبت محبوبِ کے سوا ہر چیز کو جلا اور بھلا دیتی ہے، یعنی محبوبِ باقی رہتا ہے، قران مجید نے یہ نقطہ اس انداز میں سمجھایا ہے کہ ’’مومن وہ ہیں جو اللہ کی شدید محبت میں مبتلا ہو جاتے ہیں، گویا اللہ کی شدید محبت میں مبتلا ہونا تصوف و لذت توحید کا نام ہے۔ حقیقت توحید تصوف ہے، علما توحید بیان کر رہے ہوتے ہیں جب کہ صوفیا پر توحید بیت رہی ہوتی ہے۔

کینیڈا میں بزم غوثیہ کے زیراہتمام منعقدہ ’’سیدنا غوث الاعظم کانفرنس‘‘ میں شیخ احمد مصطفیٰ العربی، ہاشم علی قادری، حاجی عبد الغفور، علی احمد خان، عبدلواثق سمیت علماء و مشائخ اور نوجوان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ سیدنا عبدالقادر جیلانیؒ نے امت کو قرآن و سنت کے عملی نفاذ کا پیغام دیا۔ آپؒ نے اپنے کردار، علم اور روحانیت سے دنیا کو دین کی حقیقی روح سمجھائی۔ سیدنا غوث الاعظم کا پیغام اخلاص، خدمت خلق اور امن و محبت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت غوث الاعظم کی سیرت میں امت کیلئے رشد و ہدایت کا مکمل راستہ موجود ہے۔ آپ نے علم، تقویٰ اور عدل کے ذریعے معاشرے میں اصلاح کی بنیاد رکھی۔





















تبصرہ