پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا معروف خطاط استاد رشید بٹ کے اسٹوڈیو کا دورہ
اسلامی خطاطی کے فن کو عالمی سطح پر فروغ دینے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
فنِ خطاطی سے اسلامی تہذیب و ثقافت کی درخشندہ روایات جڑی ہیں: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن
لاہور (10 اکتوبر 2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور انجینئر محمد سلیم کے ہمراہ اسلام آباد میں بین الاقوامی شہرت یافتہ خطاط اور ماہرِ فنِ خطاطی استاد رشید بٹ کے اسٹوڈیو کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر استاد رشید بٹ نے اپنے فن پاروں کا تفصیلی تعارف کرایا اور اسلامی خطاطی کے مختلف اسالیب پر بریفنگ دی۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فن خطاطی سے اسلامی تہذیب و ثقافت کی درخشندہ روایات جڑی ہوئی ہیں۔ اسلامی خطاطی دراصل قرآنِ مجید کے احترام، حسنِ اظہار اور روحانی لطافت کا ایک مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خطاطوں نے اس عظیم فن کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ استاد رشید بٹ جیسے فنکار امتِ مسلمہ کا وہ سرمایہ ہیں جن کے ذریعے اسلام کی جمالیاتی روح دنیا تک پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل آئندہ نسلوں میں اس فن کے فروغ کے لیے تربیتی پروگرامز اور نمائشوں کے انعقاد پر کام کرے گی تاکہ نوجوان خطاطوں کو اسلامی فنونِ لطیفہ سے جوڑا جا سکے۔ دورے کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے استاد رشید بٹ کے فنِ خطاطی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ فن محض آرٹ نہیں بلکہ ایک روحانی خدمت اور دعوتِ ایمان ہے۔


















تبصرہ