درود و سلام ایسا روحانی تعلق ہے جو بندے کو براہِ راست حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہِ اقدس سے جوڑ دیتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

درود و سلام گناہوں کی معافی، درجات کی بلندی اور قربِ مصطفیٰ ﷺ حاصل کرنے کا یقینی وسیلہ ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
جو شخص درود پڑھنے کو اپنی زندگی کی عادت بنا لے، ایسا شخص اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت اور نظرِ کرم سے کیسے محروم رہ سکتا ہے؟ صدر منہاج القرآن

درود و سلام دراصل عشقِ رسول ﷺ کی خوشبو ہے جو دل و روح کو ایمان کی تازگی عطا کرتی ہے۔ یہ محض الفاظ کا تسبیحی سلسلہ نہیں بلکہ ایک ایسا روحانی تعلق ہے جو بندے کو براہِ راست حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہِ اقدس سے جوڑ دیتا ہے۔ درود و سلام پڑھنے والا دراصل اپنے دل کو محبتِ مصطفیٰ ﷺ کے نور سے منور کرتا ہے، اور اسی کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتیں اس پر نازل ہوتی ہیں۔ درود و سلام مغفرت، بلندیِ درجات اور قربِ الٰہی کا دروازہ ہے۔ جو شخص درود و سلام کو اپنی زندگی کا معمول بنا لے، اُس کی زبان ذکرِ رسول ﷺ سے معطر اور دل سکون و نور سے بھر جاتا ہے۔

درود و سلام رسولِ اللہ ﷺ سے روحانی ربط کا ذریعہ ہے:

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے درود و سلام کی عظمت سے متعلق خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تمہارے دنوں میں سب سے بہترین دن جمعہ کا دن ہے۔ اسی دن حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش ہوئی، اسی دن ان کی وفات ہوئی، اسی دن صور پھونکا جائے گا اور قیامت کی زبردست آواز بھی اسی دن ظاہر ہوگی۔ اس لیے جمعہ کے دن مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، کیونکہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔ صحابہ کرام نے عرض کیا: یا رسول اللہ ﷺ! کیا آپ کے وصال کے بعد بھی ہمارا درود آپ تک پہنچایا جائے گا؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ہاں، میرے وصال کے بعد بھی، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے زمین پر یہ حرام قرار دیا ہے کہ وہ انبیائے کرام کے جسموں کو کھائے۔

حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: میرے وصال کے بعد بھی جمعہ کے دن مجھ پر زیادہ سے زیادہ درود بھیجا کرو، یہ یعنی آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام یہ حکم ارشاد فرما رہے ہیں۔ پھر آپ ﷺ نے ایک اور موقع پر فرمایا: جب بھی کسی کے سامنے میرا ذکر کیا جائے، اسے چاہیے کہ مجھ پر درود بھیجے۔

یعنی جو کوئی بھی میرا ذکر سنے، اسے مجھ پر درود بھیجنا چاہیے اور جو مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس مرتبہ رحمت کی صورت میں درود بھیجتا ہے۔ جو شخص حضور نبی اکرم ﷺ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس بار اپنی رحمت نازل فرماتا ہے۔ اگر کوئی انسان درود پڑھنے کو اپنی زندگی کی عادت بنا لے، تو سوچو! وہ شخص اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت اور نظرِ کرم سے کیسے محروم رہ سکتا ہے؟

کہ جو آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام پر ایک مرتبہ درود وسلام پڑھتا ہے، اللہ رب العزت اس شخص پر دس مرتبہ رحمت کرتا ہے۔ تو اگر کوئی اسے زندگی بھر کی عادت بنا لے، تو ذرا سوچئے کہ اللہ رب العزت کی نگاہ میں وہ شخص نہ آئے گا جس کی یہ عادت ہو۔

درود وسلام گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ ہے:

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید درود و سلام کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ: سیدنا انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس بار اپنی رحمت نازل فرماتا ہے، اس کے دس گناہ معاف کر دیتا ہے اور اس کے دس درجے بلند کر دیتا ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے درود و سلام کے مزید فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ: حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: کہ جو شخص مجھ پر درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے دس گناہ معاف کر دیتا ہے۔ یہ کتنی خوبصورت اور بابرکت بات ہے کہ اگر کوئی ایک بار درود پڑھ لے تو اللہ پاک اس کے دس گناہ مٹا دیتا ہے۔ انسان تو اپنی زندگی میں گناہوں سے بھر جاتا ہے، تو اگر اسے ایسا پاکیزہ چشمہ مل جائے جس سے نہا کر اس کے سارے گناہ دھل جائیں، تو وہ کیوں نہ اس چشمے کو اختیار کرے؟ اسی طرح اگر کوئی درود شریف پڑھنے کو اپنی عادت بنا لے، تو اللہ تعالیٰ ایک درود کے بدلے اس کے دس گناہ معاف کر دیتا ہے اور اس کے دس درجے بلند فرما دیتا ہے۔

حاصلِ کلام:

درود و سلام درحقیقت گناہوں کی بخشش اور روح کی پاکیزگی کا ذریعہ ہے۔ یہ ایسا نورانی عمل ہے جو بندے کو رحمتِ الٰہی کے سائے میں لے آتا ہے۔ جو شخص خلوصِ دل سے حضور نبی اکرم ﷺ پر درود وسلام بھیجتا ہے، اس کے گناہ مٹ جاتے ہیں، دل صاف ہو جاتا ہے اور روح سکون پاتی ہے۔ درود کی برکت سے انسان کے اعمال سنور جاتے ہیں، مصیبتیں دور ہوتی ہیں اور زندگی میں خیر و برکت پیدا ہوتی ہے۔ یوں درود و سلام محض زبان کا ذکر نہیں بلکہ گناہوں کی معافی، درجات کی بلندی اور قربِ مصطفیٰ ﷺ حاصل کرنے کا یقینی وسیلہ ہے۔

بلاگر: ڈاکٹر محمد اِقبال چشتی (ریسرچ اسکالر)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top