عوامی تاجر اتحاد کے رہنمائوں کی لاہور چیمبر کے نو منتخب صدر فہیم الرحمان سہگل سے ملاقات
وفد کی جانب سے مبارکباد، کاروباری مسائل کے حل اور پالیسیوں میں بہتری کے لئے تجاویز دیں
تاجر برادری کے مسائل حل کرنا میری اولین ترجیح ہے: فہیم الرحمان سہگل
صدر فہیم الرحمان سہگل کا انتخاب تاجر برادری کے لیے خوش آئند ہے: حاجی محمد اسحاق
ٹیکس پالیسیوں کو تاجر دوست بنایا جائے، مارکیٹوں میں ریگولرائزیشن کے مسائل حل کئے جائیں: محمد راشد چوہدری
ملاقات میںشہزاد خان، ثاقب بھٹی، محبوب عالم، رانا منظور، شہزاد رسول، زونیر راشد و دیگر موجود تھے

لاہور (16 اکتوبر 2025) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے سینئر رہنمائوں کے ایک وفد نے چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق اور سیکرٹری جنرل چوہدری محمد راشد کی قیادت میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر فہیم الرحمان سہگل سے ملاقات کی۔ وفد نے ملاقات میں فہیم الرحمان سہگل کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ فہیم الرحمان سہگل اپنی تجربہ کار قیادت اور عملی وژن کے ذریعے تاجر برادری کے مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ نو منتخب صدر فہیم الرحمان سہگل کی کامیابی تاجر برادری کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں سے لاہور چیمبر کو ایک فعال اور نمائندہ ادارے کے طور پر مزید ترقی دیں گے۔ سیکرٹری جنرل چوہدری محمد راشد نے کہا کہ فہیم الرحمان سہگل کا انتخاب تاجروں اور صنعتکاروں کا میاں انجم نثار پر اعتماد ہے۔ میاں انجم نثار کی قیادت میں پیاف نے ہمیشہ لاہور چیمبر کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور بزنس کمیونٹی کو متحد رکھنے میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نو منتخب صدر کو تجاویز پیش کیں کہ ٹیکس پالیسیوں کو تاجر دوست بنایا جائے، مارکیٹوں میں ریگولرائزیشن کے مسائل حل کئے جائیں اور بجلی،گیس و کرایہ جات میں بڑھتی ہوئی لاگت پر قابو پایا جائے۔
فہیم الرحمان سہگل نے عوامی تاجر اتحاد کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ اور صنعتی و تجارتی ترقی کے فروغ کے لئے ہمہ وقت سرگرم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ہم سب کو مل کر پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر تاجر تنظیموں کے ساتھ مستقبل رابطے میں رہے گا اور تمام فیصلوں میں ان کی رائے کو مقدم رکھا جائے گا تا کہ باہمی تعاون سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے علم، امن، بین المذاہب مکالمے اور شدت پسندی کے خاتمے کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ قومی و عالمی سطح پر قابل تحسین ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر شیخ تنویر، نائب صدر خرم لودھی، ای سی ممبر رانا شعبان اختر اور سابق ای سی ممبر محمد نعیم نے بھی اپنی گفتگو میں عوامی تاجر اتحاد کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں عوامی تاجر اتحاد کے سینئر نائب صدر شہزاد خان، ثاقب بھٹی، محبوب عالم ،رانا منظور، شہزاد رسول، شبیر احمد، زونیر راشد، شیخ وکیل احمد، شہباز بھٹی، عرفان افضل چوہدری، ایس آر طاہری، عبد الحفیظ چوہدری و دیگر کاروبای شخصیات شامل تھیں۔


















تبصرہ