کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں فکری و تعلیمی نشست کا انعقاد

ممتاز علمی شخصیات کے’’ سوشل میڈیا اور طلبہ‘‘ اور’’ جدید دور میں دین کی دعوت‘‘ کے موضوعات پر لیکچرز
طالبعلم جدید ٹیکنالوجی کو اپنی ذہنی و اخلاقی ترقی کا ذریعہ بنائے: محمدشاہد لطیف
طلبا علم کو انسانیت کی خدمت اور معاشرتی بہتری کا ذریعہ بنائیں:عین الحق بغدادی

COSIS Intellectual session on social media and Islamic invitation 2025

لاہور (18 اکتوبر 2025) تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹوریٹ آف ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں ایک اہم فکری و تعلیمی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں دو مختلف موضوعات پر ممتاز علمی شخصیات ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ محمد شاہد لطیف اور ناظم امتحانات نظام المدارس پاکستان علامہ عین الحق بغدادی نے طلبہ سے خطاب کیا۔ پہلا لیکچر’’سوشل میڈیا اور طلبہ‘‘ جبکہ دوسرا جدید دور میں دین کی دعوت اور طلبہ کا کردار کے عنوان سے تھا۔ پروگرام میں اساتذہ، طلبہ اور مختلف علمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ پہلے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے محمد شاہد لطیف نے کہا کہ سوشل میڈیا موجودہ دور کا طاقتورذریعہ ابلاغ ہے جو ایک طرف معلومات تک فوری رسائی فراہم کرتا ہے تو دوسری جانب اگر غلط استعمال ہو تو یہ وقت، اخلاقیات اور کردار پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو اپنی تعلیمی و تحقیقی ترقی کے لئے استعمال کریں۔ بے مقصد مباحثوں اور منفی مواد سے دور رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک باشعور طالبعلم وہی ہے جو ٹیکنالوجی کو اپنی ذہنی و اخلاقی ترقی کا ذریعہ بنائے۔ دوسرے سیشن میں ممتاز سکالر عین الحق بغدادی نے ’’جدید دور میں دین کی دعوت اور طلبہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ اگر وہ دین کی تعلیم و تربیت سے جڑے رہیں تو معاشرہ امن، برداشت اور اخلاقیات کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے سائنسی اور ڈیجیٹل دور میں دین کی دعوت کے طریقے بدل چکے ہیں، اب دعوت کا مؤثر ذریعہ سوشل میڈیا، تعلیم، اور عملی کردار ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے رویے، گفتار اور اخلاق سے دین کا پیغام عام کریں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنے علم کو انسانیت کی خدمت اور معاشرتی بہتری کے لئے وقف کریں۔

لیکچرز کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں طلبہ نے دونوں مقررین سے مختلف سوالات کئے۔ دونوں مقررین نے طلبہ کے جذبہ کو سراہا اور کہاکہ نوجوان اگر مثبت سوچ اور عمل کے ساتھ آگے بڑھیں تو معاشہ علمی و اخلاقی طور پر مضبوط ہو سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top