اختلاف رائے کا مطلب ذاتی عداوت نہیں ہوتا: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
آئمہ و اسلاف اختلاف رائے کے باوجود ایک دوسر ے کے ساتھ شیر و شکر رہتے
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین کا طلبہ کے ساتھ ایک فکری نشست سے خطاب

لاہور (19 اکتوبر 2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے طلبہ کے ساتھ ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ و اسلاف فقہی امور پر اختلاف رائے کے باوجود آپس میں شیر و شکر رہتے۔ وہ علمی اختلاف رائے کو ذاتی عداوت کی طرف نہیں لے جاتے تھے۔ نفرتوں، فرقہ واریت کے خاتمہ اور اتحاد امت کیلئے ضروری ہے کہ باہمی عزت و احترام کو ہر حال میں مقدم جانا جائے۔ آج مختلف فقہی امور پر اسلاف کے حوالے دیے جاتے ہیں۔
علماکرام، آئمہ و فقہا کی رائے کا حوالہ دیتے وقت ان کے اسبابِ اختلاف کی معرفت بھی حاصل کریں۔ فقہا کا اختلاف خالصتاً علمی بنیادوں اور دلائل کی بنیاد پر ہوتا تھا۔ ان کے اختلاف رائے میں تعصب یا انانیت کا کوئی دخل نہیں ہوتا تھا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو نصیحت کی کہ آپ کو کسی بھی علمی و فقہی مسئلہ پر موقف دینے کا پورا پورا حق حاصل ہے مگر زور زبردستی سے اپنا موقف دوسروں سے منوانے کا ہرگز حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں فروعی مسائل کو اچھالاجاتا ہے اور پھر دوسروں کی تضحیک اور تذلیل کی جاتی ہے،یہ رویہ اتحاد امت کے لیے زہر قاتل اور مصطفوی تعلیمات کے برخلاف ہے۔


















تبصرہ