فرقہ واریت نے اُمت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا: پروفیسر ڈاکٹر حسن قادری
نوجوان سکالر دینی رویوں میں برداشت، ضبط اور اعتدال پیدا کریں، چیئرمین سپریم کونسل
قرآن و سنت کو حرف آخر سمجھیں گے تو ہر نوع کے جھگڑوں کا خاتمہ ہو جائے گا

لاہور (21 اکتوبر 2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے اساتذہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن فروغ اتحاد اُمت اور فرقہ واریت کے خاتمے کا ایک عالمگیر مشن ہے، فرقہ واریت نے اُمت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ اساتذہ، نوجوان دینی سکالرز اور طلباء کو اپنے رویوں میں برداشت، ضبط، اعتدال اور رواداری پیدا کرنے کی تعلیم دیں۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ ﷺ سے براہ راست دین سیکھتے اور احکامات سماعت کرتے تھے، اس کے باوجود تفہیم میں مختلف آراء جنم لیتیں، اختلاف رائے پر صحابہ کرام بلاجھجک تاجدارِ کائنات کی بارگاہ میں حاضر ہو کر راہ نمائی حاصل کرتے اور آپ ﷺ شرح و بسط کے ساتھ تعلیم دیتے، لہٰذا علوم اسلامیہ حاصل کرنے والے طلباء کو سوالات سے نہ روکیں البتہ انہیں یہ تعلیم ضرور دیں کہ جو سوالات دین سیکھنے کی نیت سے کئے جاتے ہیں اس سے خیر برآمد ہوتی ہے اور جب ہم دوسروں کو زچ کرنے کے لئے یا انہیں لاعلم ثابت کرنے کے لئے سوالات کرتے اور بحث برائے بحث کو آگے بڑھاتے ہیں تو نتیجہ جھگڑے کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے، اختلاف رائے بری چیز نہیں ہے، اختلاف کو دشمنی بنانا بری چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل میں اختلاف ایک فطری عمل ہے، مسائل سے اصلاح اور تعلیم و تفہیم کے نئے دروازے کھلتے ہیں، البتہ یہ بات مناسب نہیں ہے کہ ہم اپنے پسند کے آئمہ کی اقتداء کرتے ہوئے دوسرے اسلاف کے بارے میں تضحیک پر مبنی رویہ اختیار کریں۔ اگر اس ایک نقطہ کو سمجھ لیا جائے تو باہمی جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا ”میرے صحابہ کا اختلاف تمہارے لئے باعث رحمت ہے“ کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سیکھنے کی نیت سے سوالات کرتے تھے، اس لئے ہر سوال سے علمی گتھیاں سلجھتی چلی جاتی تھیں، دینی امور میں ہمیشہ سیکھنے کے لئے سوال کریں، انہوں نے کہا کہ اگر دینی سکالرز قرآن و سنت کو حرف آخر سمجھیں گے تو ہر نوع کے جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔


















تبصرہ