کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز(بزم منہاج) کے زیر اہتمام کتاب میلہ کا انعقاد
کتاب میلوں سے علم و تحقیق کا کلچر پروان چڑھے گا: پروفیسرڈاکٹر حسن محی الدین قادری
کتاب میلہ میں شیخ االسلام کی سینکڑوں کتب نمائش کےلئے پیش کی گئیں

لاہور (22 اکتوبر2025) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (بزم منہاج) کے زیراہتمام کتاب میلہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں طلبہ، اساتذہ، محققین اور علم دوست شخصیات نے شرکت کی۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کتاب میلے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش تمام فکری، تہذیبی اور معاشرتی بحرانوں کا دیرپا حل کتب بینی کے کلچر کے احیاء میںہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میلہ کا انعقاد صرف ایک تعلیمی سرگرمی نہیں، بلکہ فکری تبدیلی کی جانب بڑھتا ہوا ایک اہم قدم ہے۔ ایسے وقت میں جب نوجوان نسل سوشل میڈیا کی تفریح میں الجھی ہوئی ہے، اس قسم کی تقریبات ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علمی میلوں کا تسلسل برقرار رہا تو پاکستان میں علم اور تحقیق کی روشنی فروغ پائے گی، اور نوجوان نسل فکری غلامی کے شکنجے سے نکل کر شعور و آگہی کی راہ پر گامزن ہو گی۔
کتاب میلے کا افتتاح بلاک چین انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے سربراہ احمد نے کیا۔ تقریب میں انجینئر محمد رفیق نجم، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، نوراللہ صدیقی، کرنل(ر) خالد جاوید، ناظم اعلی نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر، پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے خصوصی شرکت کی۔ کتاب میلے کا ایک خاص پہلو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سینکڑوں کتب کی نمائش تھی، جو نہ صرف مختلف موضوعات پر محیط تھیں بلکہ خصوصی ڈسکاؤنٹ پر دستیاب ہونے کی وجہ سے طلبہ و عوام الناس کی خصوصی توجہ کا مرکز بنیں۔ خاص طور پر ’’ دہشتگردی اورفتنہ الخوارج‘‘ پر لکھی گئی کتاب کو غیرمعمولی پذیرائی ملی۔ کتاب میلہ میں شرکت کرنے والے طلبہ ،اساتذہ، محققین اور علم دوست شخصیات نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصانیف عصرِ حاضر کے علمی، فکری اور روحانی چیلنجز کا نہایت بصیرت افروز تجزیہ پیش کرتی ہیں اور نوجوانوں کو شدت پسندی، انتہاپسندی اور فکری انتشار سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔


















تبصرہ