منہاج یونیورسٹی کی 2 روزہ کانفرنس اختتام پذیر، 25ممالک کے درجنوں نمائندوں کی شرکت
نفرت انگیز مواد کی تشہیر روکنا ہو گی: بین المذاہب کانفرنس کا اعلامیہ
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی امن کوششوں کی تعریف، ڈاکٹر حسین قادری نے شکریہ ادا کیا

لاہور (26اکتوبر2025) منہاج یونیورسٹی لاہور کی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس میں 25 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ نفرت انگیز مواد کی تشہیر ہر حال میں روکنا ہو گی اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کےلئے قومی سطح پر ایک جامع پالیسی ناگزیر ہے۔ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت بین المذاہب رواداری کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے خاتمے کے ساتھ ساتھ امتیازی سلوک کے قلع قمع کے لئے کام کرے اور اسی کمیٹی کے تحت ضلعی سطح پر ثالثی اور تنازعات کے حل کا ایک با اختیار نظام وضع کیا جائے۔
ہر سال انٹرفیتھ ہارمنی انڈیکس جاری کیا جائے، اس ضمن میں میڈیا کو ایک صحت مندانہ کردار کی ادائیگی کے قابل بنایا جائے۔ منہا ج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنانے میں اقلیتوں کا برابر کا کردار ہے۔ اقلیتوں کو ترقی اور یکجہتی کے قومی دھارے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان میں مسلم آبادی واضح اکثریت میں ہے رواداری کے فروغ کے لئے ان کا کردار کلیدی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن اور ترقی صرف قانونی اصلاحات سے ممکن نہیں اس کےلئے مخصوص متشدد سوچ کو بدلنا ہو گا۔
حضور نبی اکرم ﷺ نے اقلیتوں کےلئے واضح تعلیمات عطا کی ہیں۔ بین المذاہب کانفرنس میں شریک علامہ طاہر محمود اشرفی نے انتہا پسندی اور تشددکے خاتمے کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگ دہشتگردوں کا نام لیتے ہوئے ڈرتے تھے انہوں نے اس وقت دہشتگردی اور خودکش دھماکوں کے خلاف فتوی دیا۔
اختتامی سیشن میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، ڈپٹی کورڈینیشن آفیسر ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب احمد خاور شہزاد، ، امریکہ سے ڈاکٹر ڈیوڈ اینڈرسن ڈاکٹر ترنجیت سنگھ بٹالیہ، وینریبل ڈاکٹر رابرٹ سیموئل اَزاریاہ، بشپ آزاد مارشل، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل رضا اورسی ای او ڈسکور پاکستان قیصر رفیق نے شرکت کی۔
کانفرنس کے آخری روز تین پینل ڈسکشنز اور دو ٹیکنیکل سیشنز بھی منعقد ہوئے جس میں ریسرچ سکالرز نے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری پر گفتگو کی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے معزز مہمانوں میں شیلڈز پیش کیں۔



















تبصرہ