تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

اصلاحِ معاشرہ کے لیے تعلیم، تربیت اور دعوتی جدوجہد ناگزیر ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
نواجوان نسل علم و کردار کے سفر میںاپنی دینی ذمہ داریاں پوری کرے
جلد نئی چارٹرڈ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا: چیئرمین سپریم کونسل
اجلاس میں شعبہ جات کے سربراہان، نائب ناظمین اعلیٰ اور ایگزیکٹوکونسل کے ممبران نے شرکت کی

Dr-Hassan-Mohiuddin Qadri Speech at CEC Meeting MQI 2025

لاہور(2 نومبر 2025) تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ اجلاس میں تمام شعبہ جات کے سربراہان، نائب ناظمین اعلیٰ اور ایگزیکٹوکونسل کے ممبران نے شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم نے مراکز علم کے منصوبے پر بریفنگ دی۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحِ معاشرہ (امر بالمعروف و نہی عن المنکر) کے لیے تعلیمی، فکری، تربیتی اور دعوتی سطح پر جدوجہد بروئے کار لانا ہر کلمہ گو مسلمان پر واجب ہے۔ تحریکِ منہاج القرآن خدمتِ دین، خدمتِ انسانیت اور مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے ذریعے مدارسِ دینیہ میں تعلیمی، نصابی اور تدریسی سطح پر انقلاب آفریں اصلاحات کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ منہاج القرآن تعلیم و تربیت کے فروغ، مطالعۂ کتب کے کلچر کے احیاء اور اخلاقی اقدار کے استحکام کے لیے جدید ذرائع ابلاغ کو مؤثر طور پر بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل ان کوششوں میں اپنی دینی ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ معاشرہ علم و عمل اور اخلاق و کردار کا نمونہ بن سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ قرآن لرننگ کے آن لائن کورسزکو زبردست عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ امتِ مسلمہ کو درپیش ہر مسئلے کا حل قرآن و سنت کی تعلیمات میں مضمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریکِ منہاج القرآن تعلیم کے فروغ اور شرحِ خواندگی میں اضافے کے لیے اپنا دینی و قومی کردار ادا کر رہی ہے۔

اس وقت ہزاروں طلبہ و طالبات مختلف سطح کے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں، اور الحمد للہ منہاج القرآن کے تعلیمی انسٹی ٹیوشنز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد ایک اور چارٹرڈ یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا، جب کہ الاعظمیہ انسٹی ٹیوٹ کا تعمیراتی منصوبہ تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے ہر سال عربی، انگریزی اور اردو زبانوں میں درجنوں علمی و تحقیقی کتب شائع ہو رہی ہیں، جب کہ تراجم و اشاعتِ علم کا عالمی سلسلہ اس کے علاوہ ہے۔ ان علمی کاوشوں کے نتیجے میں امتِ مسلمہ میں تحقیق، مطالعہ اور علمی بیداری کا کلچر فروغ پا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومیں، جماعتیں اور تحریکیں تبھی کامیاب ہوتی ہیں جب ان کا ویژن اخلاص، شفافیت، حکمتِ عملی اور باصلاحیت افرادی قوت پر مبنی ہو۔ الحمد للہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مصطفوی معاشرہ کی تشکیل اور علم و امن کے ویژن کے ساتھ نوجوانوں کو ایک قابلِ عمل لائحہ عمل اور حکمتِ عملی عطا کی ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ تحریک کے تمام تنظیمات، فورمز، ڈیپارٹمنٹس اور کارکنان "مراکزِ علم" پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ ہر گھر کو مرکزِ علم بنانا ہی مصطفوی معاشرے کی تشکیل کی حقیقی سمت متعین کرے گا۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی کارکر دگی رپورٹس پیش کی گئیں اور آئندہ کے اہداف طے کئے گئے۔ اراکین سنٹرل ایگزیکٹو کونسل نے تنظیمی استحکام، تربیتی پروگرامز، اصلاحی و فلاحی منصوبہ جات کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top