نیک اعمال ہی آخرت کا اصل سرمایہ ہیں: علامہ رانا محمد ادریس
دنیاوی زندگی کو آخرت کی تیاری کے طور پر گزارنا چاہیے
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کاجمعۃ المبارک کے اجتماع سے کا خطاب
لاہور (7نومبر2025) نائب ناظمِ اعلیٰ تحریکِ منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ موت دراصل فنا نہیں بلکہ ایک مرحلے سے دوسرے مرحلے میں منتقلی ہے۔ قرآنِ مجید میں ارشاد ہے: “ہم نے تمہارے درمیان موت کو مقدر کر دیا ہے”۔ اہلِ ایمان کے لیے موت خوف کا نہیں بلکہ وصالِ محبوب کا دروازہ ہے۔ دنیاوی زندگی کو آخرت کی تیاری کے طور پر گزارنا چاہیے کیونکہ موت انجام نہیں بلکہ ایک نئے آغاز کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دنیا میں نیکی، خیر اور ایمان کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں ان کے لیے موت سکون و راحت کی نوید ہے، جب کہ غافل انسان کے لیے یہ بیداری کا مرحلہ ہے۔ اس لیے مومن کو ہر لمحہ اپنی زندگی کو مقصدِ تخلیق کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
علامہ رانا محمد ادریس قادری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ انسان کو ہمیشہ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا ایک عارضی قیام گاہ ہے۔ یہاں کی خوشیاں اور غم سب عارضی ہیں، اصل زندگی آخرت کی زندگی ہے۔ اس لیے ہمیں اپنے اعمال کو بہتر بنانے، دوسروں کے ساتھ بھلائی کرنے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھال لیتا ہے تو موت اس کے لیے خوف کا نہیں بلکہ سکون اور کامیابی کا لمحہ بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پیدا ہونے والا ہر انسان ایک دن اس دنیا کو چھوڑ کر اپنے رب کے حضور پیش ہوگا، لہٰذا موت سے ڈرنے کے بجائے اس کی تیاری کرنی چاہیے۔ موت دراصل مومن کے لیے ملاقاتِ الٰہی کا دروازہ ہے، جہاں اس کی ابدی راحت اور حقیقی زندگی شروع ہوتی ہے۔
علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ اگر ہم روز مرہ زندگی میں صبر، شکر، عبادت، اور خدمتِ خلق کو اپنا شعار بنالیں تو نہ صرف دنیا میں سکون حاصل ہوگا بلکہ آخرت میں بھی کامیابی نصیب ہوگی۔ دریں اثناء منہاج القرآن انٹرنیشنل کے چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی جامع شیخ الاسلام میں نمازِ جمعہ ادا کی۔ نماز کے بعد انہوں نے مختلف وفود، گوشۂ درود کے معتکفین اور نمازیوںسے ملاقات کی۔


















تبصرہ