اسلام نے اعتدال کی تعلیم دی ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

کامیاب انسان وہ ہے جو دینی اور دنیوی زندگی میں آسودہ حال ہو
حیات طیبہؐ بھرپور دینی، روحانی اور سماجی زندگی کا عملی نمونہ ہے، صدر منہاج القرآن

لاہور (11 نومبر 2025) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اللہ رب العزت نے انسان کو دینی اور دنیوی دونوں زندگیوں میں کامیابی کے حصول کی جدوجہد کرنے کا حکم دیا ہے۔ جو شخص صرف روحانی زندگی پر زور دیتا ہے اور دنیوی لحاظ سے سست،کاہل اور ناکام ہے تو اللہ رب العزت کے نزدیک وہ ایک ناقص اور نامکمل انسان ہے۔ خوداللہ رب العزت نے قرآن مجید میں سورہ البقرہ میں انسانوں کو ایک دعا سکھائی کہ ”اے ہمارے پروردگار! ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما اور آخرت میں بھی بھلائی سے نواز“ یعنی دونوں جہانوں میں بھلائی طلب کرنا منشا ایزدی کے مطابق ہے۔ کچھ لوگ دنیا کے ہو کر رہ جاتے ہیں اور اپنی آخرت کی فکر فراموش کر بیٹھتے ہیں اور کچھ بندگان خدا آخرت کی فکر میں دنیا کو فراموش کر دیتے ہیں، اسلام نے ان دونوں انتہاؤں سے روکا ہے اور اعتدال اختیار کرنے کی فکر دی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کی اس فکر کے پیامبر ہیں کہ بندہ مومن نہ تو خود کو حجرہ تک محدود کرے اور نہ ہی دنیا کا ہو کر رہ جائے بلکہ دونوں جہانوں کے لئے فکر مند ہونا ہی کامیابی اور مقصد حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ اور آپؐ کے اصحاب کبھی فکر معاش سے غافل ہوئے اور نہ یاد اللہ سے۔ آپؐ کی حیات طیبہ بھرپور روحانی اور سماجی زندگی کا عملی نمونہ تھی، اسلام نے اسی اعتدال اور میانہ روی کی تعلیم دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں عصری تعلیم بھی ملتی ہے اور روحانی تعلیم کا بھی اہتمام ہے۔ منہاج یونیورسٹی میں جہاں آئی ٹی، انجینئرنگ، سائنس و ٹیکنالوجی کے جدید سنٹرز قائم ہیں وہاں تصوف سنٹر اور نعت ریسرچ سنٹرز بھی قائم ہیں۔ منہاج القرآن کے مرکزی اور ذیلی دفاتر میں گوشہ درود بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ ایک مسلمان روزگار بھی کمائے اور اس دوران جب اسے موقع ملے وہ بارگاہ رسالت میں درود و سلام کے نذرانے بھی پیش کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top