ڈی آئی خان میں منہاج یونیورسٹی کے سنگِ بنیاد کی تقریب

یہ تعلیمی منصوبہ خطے کے نوجوانوں کی تقدیر بدلے گا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
معیاری تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
منہاج یونیورسٹی کا قیام تعلیم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا: مقررین

Foundation Stone Laid for Minhaj University Khyber Pakhtunkhwa In DI Khan City

لاہور (8 نومبر 2025) ڈیرہ اسماعیل خان (نیو ڈی آئی خان سٹی) میں منہاج یونیورسٹی کے کیمپس کا سنگِ بنیاد رکھنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل و ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں چیئرمین نیو ڈی آئی خان سٹی جہانگیر سیف اللہ خان، ناظمِ اعلیٰ تحریکِ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، نائب ناظمینِ اعلیٰ ڈاکٹر محمد رفیق نجم، چودھری عرفان یوسف، پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد، فیصل حسین مشہدی (ایم ڈی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن)، راجہ زاہد محمود، عبد الرحمان ملک، انجینئر ثناء اللہ خان، دانش افتخار، شکیل خان، خلیق شاہ سمیت اساتذہ، سماجی شخصیات اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور جہانگیر سیف اللہ خان کی کاوشوں سے آج ڈی آئی خان کے باسیوں کے لیے ایک نئے تعلیمی دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ دن ڈی آئی خان کے روشن مستقبل کی بنیاد کا دن ہے جو آنے والے برسوں میں اس خطے کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دو تیز رفتار تبدیلیوں کا دور ہے اور ایسے ماحول میں تعلیم و تربیت دونوں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ نوجوانوں کی کردار سازی، اخلاقی تربیت، مثبت سوچ اور عملی زندگی کےلئے تیاری بنیادی تقاضے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت صرف 11 پرائیویٹ یونیورسٹیز ہیں جبکہ صوبے میں 1 کروڑ 10 لاکھ نوجوان بستے ہیں، اس لحاظ سے یہاں مزید اعلیٰ تعلیمی اداروں کی اشد ضرورت ہے۔ حکومتیں اکیلی یہ خلا پُر نہیں کر سکتیں، اس لیے نجی تعلیمی اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ عالمی تحقیق کے مطابق ایک لاکھ بیس ہزار افراد کے لیے ایک یونیورسٹی کا قیام ناگزیر ہے۔ اسی ضرورت کے پیش نظر منہاج یونیورسٹی خیبرپختونخوا میںقائم کی جا رہی ہے تاکہ یہاں کے نوجوان جدید تعلیم کے ساتھ اخلاقی و فکری تربیت بھی حاصل کر سکیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد محض ڈگری نہیں بلکہ کردار سازی ہے۔ جب تک نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ تربیت نہیں دی جاتی، معاشرے سے انتہاپسندی اور ناانصافی ختم نہیں ہو سکتی۔ قرآن کی تعلیم یہ ہے کہ تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت لازم ہے، اسی لیے دنیا بھر میں آج پروفیشنل شعبہ جات میں اخلاقیات کو نصاب کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 1980ء میں منہاج القرآن کی بنیاد تعلیم و تربیت کے اصول پر رکھی تھی۔ آپ نے فرمایا تھا کہ میں اس قوم کو سو علی گڑھ دوں گا جو علم، کردار اور تربیت میں اقبال و قائد کے خوابوں کی تعبیر بنے گی۔ آج منہاج القرآن کے اداروں سے وابستہ لوگ اسی فکر کے عملی مظہر ہیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور میں امن، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور اخلاقیاتِ محمدیہ ﷺ سے سرشار تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ منہاج یونیورسٹی ایشیا کی پہلی روبوٹک لائبریری، اقوامِ متحدہ کی ممبرشپ، اور بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے ساتھ اشتراک پر فخر کرتی ہے۔ اسی معیارِ تربیت کو سامنے رکھتے ہوئے آج ڈی آئی خان میں منہاج یونیورسٹی خیبرپختونخوا کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے محبت رکھنے والے اس علاقے میں یونیورسٹی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ افتتاحی تقریب میں شریک مقررین نے منہاج یونیورسٹی کے قیام کو علاقائی ترقی میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ ادارہ نہ صرف جدید تعلیم فراہم کرے گا بلکہ نوجوانوں کو ایسی تربیت دے گا جو انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top